نادیہ حسین کے شوہر مبینہ فراڈ کے الزام میں گرفتار
ماڈل، میک اپ آرٹسٹ اور اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر بینکار عاطف محمد خان کو مبینہ فراڈ اور خورد بورد کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔
انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹربیون‘ کے مطابق عاطف محمد خان نجی بینک سیکیورٹیز کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نادیہ حسین کے شوہر پر الزام ہے کہ انہوں نے بینک کے 80 کروڑ روپے کا غلط استعمال کرکے ذاتی کاروبار کے لیے 65 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز تیسری پارٹی سے وصول کیے اور وصول شدہ رقم پر کمپنی کے ہی پیسوں سے بھاری منافع بھی ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے مذکورہ نجی بینک سیکیورٹیز کمپنی کے چیف فنانشل افسر (سی ایف او) سمیت ایک اور شخص سے بھی مذکورہ معاملے میں تفتیش کر رہا ہے۔
مذکورہ دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں عاطف محمد خان کو سہولت کاری فراہم کی۔ شوہر کی گرفتاری اور ان کی جانب سے مبینہ فراڈ کا معاملہ سامنے آنے پر نادیہ حسین نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
نادیہ حسین نے کیریئر کے عروج پر 2003 میں عاطف محمد خان سے شادی کی تھی، جن سے انہیں اولاد بھی ہے۔
اداکارہ ماضی میں انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ ان کے شوہر بینکار اور بروکر تھے اور انہوں نے بھی پیسے ڈبل کرکے دینے کے بعد شوہر سے شادی کی تھی۔
نادیہ حسین نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر بروکر تھے اور انہوں نے سرمایہ کاری کے لیے شوہر کو پیسے دیے جوکہ انہوں نے ڈبل کرکے دیے تو ان سے محبت ہوگئی اور پھر شادی کرلی۔