• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:41am
  • LHR: Fajr 4:52am Sunrise 6:13am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:18am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:41am
  • LHR: Fajr 4:52am Sunrise 6:13am
  • ISB: Fajr 4:56am Sunrise 6:18am

نادیہ حسین نے شوہر کی رہائی کے بدلے رقم کا تقاضہ کرنے والے مبینہ افسر کی آڈیو لیک کردی

شائع March 13, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے فراڈ کیس میں گرفتار اپنے شوہر عاطف محمد خان کی رہائی کے بعد تین کروڑ روپے کی خطیر رقم کا مطالبہ کرنے والے مبینہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسر کی آڈیو کال لیک کردی۔

نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر متعدد ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں معلوم ہے کہ سب لوگ شوہر کی گرفتاری پر ان کے بیان کا انتظار کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر نے کوئی فراڈ کیا ہے یا نہیں، یہ بات تفتیش سے معلوم ہوجائے گی، ابھی صرف ان کے شوہر کو تفتیش کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا کہ جس کمپنی کے افسران نے ان کے شوہر پر فراڈ کا الزام لگایا ہے، وہ اس وقت کہاں تھے جب فراڈ ہو رہا تھا؟

ساتھ ہی انہوں نے مبینہ ایف آئی اے افسر کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص کی آڈیو کالز کی ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں خود کو ڈائریکٹر ایف آئی اے بتانے والے نعمان نامی شخص نے ان سے شوہر کی رہائی کے بدلے خطیر رقم کا مطالبہ کیا۔

ماڈل و اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ آڈیو کالز کی ویڈیوز میں نعمان نامی شخص کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ان کی اور نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کی آپس میں ڈیل ہو چکی ہے، اب اداکارہ انہیں پیسے فراہم کریں تو ان کے شوہر کو چھڑوانے کے انتظامات کیے جائیں۔

مبینہ افسر نے نادیہ حسین پر دباؤ ڈالا کہ وہ انہیں 50 لاکھ نقد رقم فراہم کریں جب کہ باقی رقم بھی جلد انہیں ادا کی جائے تو ان کے شوہر کو جلد رہا کروایا جا سکے گا۔

ان کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیوز میں نعمان نامی شخص کو نادیہ حسین سے پہلے سخت لہجے اور بعد ازاں نرم لہجے میں بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔

ویڈیوز میں نادیہ حسین مطالبہ کرتی ہیں کہ ان کی ملاقات شوہر سے کروائی جائے تاکہ وہ اپنے شوہر سے معلوم کر سکیں کہ اتنی بڑی رقم کہاں سے لینی ہے، کیوں کہ ان کے پاس اتنے پیسے موجود نہیں۔

نادیہ حسین مبینہ ایف آئی اے افسر کا دعویٰ کرنے والے شخص کے موبائل فون نمبر کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے، جب کہ انہوں نے ان کی واٹس ایپ پروفائل کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

نادیہ حسن نے آڈیوز اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ممکنہ طور پر ان کے ساتھ کسی نے فراڈ کیا ہوگا لیکن اگر واقعی ان کے ساتھ کسی ایف آئی اے ملازم نے بات کی تو یہ افسوس ناک بات ہے۔

ساتھ ہی نادیہ حسین نے نادرا پر بھی سوال اٹھایا کہ کس طرح ان کے اور ان کے اہل خانہ کے نمبرز عام کردیے گئے کہ ہر کوئی ان سمیت تمام اہل خانہ کو فون کر رہا ہے۔

ماڈل و اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ شخص نے پہلے ان کے بیٹے کو فون کیا تھا، جنہوں نے والدہ سے بات کرنے کا کہا جب کہ مذکورہ شخص نے ان کی ساس کو بھی فون کرکے شکایت لگائی کہ ان کی بہو چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر جیل میں جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 مارچ 2025
کارٹون : 14 مارچ 2025