ریما خان کے لیے کہی گئی بات پر بیٹی نے میرا ساتھ نہیں دیا، ناصر ادیب
ماضی کے مقبول فلم لکھاری ناصر ادیب نے دعویٰ کیا ہے کہ جب انہوں نے اداکارہ ریما خان کے حوالے سے پوڈکاسٹ میں بات کی تھی، تب ان کی بیٹی نے ان کا ساتھ دینے کے بجائے اداکارہ کی حمایت کی تھی۔
ناصر ادیب حال ہی میں بیٹی زویا ناصر کے ہمراہ ندا یاسر کے رمضان شو ’شان سحور‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ریما خان سے متعلق پوڈکاسٹ میں کہی گئی بات کے بعد بیٹی کے رد عمل پر بات کی۔
پروگرام کے دوران ندا یاسر نے زویا ناصر سے سوال کیا کہ جب ان کے والد نے ایک پروگرام میں غلطی کی تھی، کیاں انہوں نے اپنے والد کو سمجھایا تھا؟
اس پر زویا ناصر نے بتایا کہ انہوں نے پوڈکاسٹ کی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد والد کو سمجھایا تھا۔
اسی دوران ناصر ادیب نے کہا کہ پوڈکاسٹ میں ان کی جانب سے کہی گئی بات پر بیٹی نے ان کا ساتھ نہیں دیا بلکہ ریما خان کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہوئی کہ بیٹی نے ان کا ساتھ دینے کے بجائے حق کا ساتھ دیا۔
ان کے مطابق باپ بھی انسان ہوتا ہے، وہ فرشتہ نہیں، وہ بھی غلطی کر سکتا ہے لیکن انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ان کی بیٹی نے غلط کا ساتھ دینے کے بجائے حق کا ساتھ دیا۔
ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے پروگرام پر معافی بھی مانگی تھی اور ساتھ ہی تسلیم کیا کہ انہیں ایسی بات نہیں کہنی چاہیے تھی۔
ناصر ادیب نے مزید کہا کہ انہیں ٹی وی پروگرامات اور پوڈکاسٹس میں شرکت کے بعد پتا چلا کہ بعض سچ ایسے ہوتے ہیں، جنہیں سامنے نہیں لانا چاہیے، انہیں دفن ہی رہنے دیا جائے تو اچھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ سمجھ چکے ہیں کہ بعض سچ فساد کی جڑ ہوتے ہیں لیکن ان کی عادت رہی ہے کہ وہ ہر بات سرعام کہتے ہیں، وہ سچ کے سوا کچھ نہیں کہتے۔
خیال رہے کہ ناصر ادیب نے دسمبر 2024 میں ایک پوڈکاسٹ میں بتایا تھا کہ وہ اور ہدایت کار یونس ملک کسی فلم کے لیے ہیروئن دیکھنے لاہور کی ہیرا منڈی گئے تھے، جہاں انہیں ریما خان کو بھی دکھایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیرا منڈی میں انہوں نے ریما خان سمیت متعدد لڑکیوں کو دیکھا لیکن انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا، کیوں کہ انہیں وہ پسند نہیں آئی تھیں۔
ناصر ادیب نے بتایا تھا کہ اگرچہ انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا تھا لیکن بعد ازاں وہ فلموں کی سپر اسٹار بنیں۔
ان کے مذکورہ بیان پر شوبز شخصیات نے ناصر ادیب کو آڑے ہاتھوں لیا تھا جب کہ ریما خان نے بھی مبہم انداز میں لکھاری کے بیان پر رد عمل دیا تھا۔
بعد ازاں ناصر ادیب نے اسی پوڈکاسٹ میں شرکت کرکے ریما خان سے متعلق اپنے بیان پر معافی بھی مانگی تھی۔