• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 5:00pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 4:32pm

سلامتی کونسل کی جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت، تمام ممالک سے پاکستان کیساتھ تعاون پر زور

شائع March 14, 2025
— فائل فوٹو: اقوام متحدہ
— فائل فوٹو: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر ہونے والے بزدلانہ و سفاک دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور تمام ممالک پر پاکستان کے ساتھ فعال تعاون پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے آج ایک پریس بیان کے ذریعے جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق اراکین سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی تمام شکلوں میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق اراکین سلامتی کونسل نےدہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مجرموں، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور اسپانسرز کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اراکین سلامتی کونسل نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

سلامتی کونسل نے اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے، خواہ اس کا محرک کچھ بھی ہو۔

مزید کہنا تھا کہ تمام ریاستوں کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت ہر طرح سے لڑنے کی ضرورت ہے، جس میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون، بین الاقوامی پناہ گزینوں کے قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون، دہشت گردی کی کارروائیوں سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر سے جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے، امریکا، چین، ایران، ترکیہ، روس کے بعد یورپی یونین نے بھی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی تھی۔

11 مارچ کو دہشت گردوں نے بولان پاک کے علاقے میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑایا، اور جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے 400 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔

اگلے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب ہوگئے اور تمام 33 دہشتگرد ہلاک کردیا گیا تھا، تاہم آپریشن شروع ہونے سے پہلے دہشت گردوں نے 21شہریوں کو شہید کیا تھا۔

تاہم آج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ واقعے میں مجموعی طور پر 26 مسافروں کی شہادتیں ہوئیں، 354 یرغمالیوں کی زندہ بازیاب کروایا گیا، جن میں 37 زخمی بھی شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ 18 شہدا کا تعلق آرمی اور ایف سی سے ہے، 3 شہدا ریلوے اور دیگر محکموں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ 5 عام شہری تھے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 15 مارچ 2025
کارٹون : 14 مارچ 2025