راولپنڈی: پیکا قانون کے تحت ٹک ٹاکر کیخلاف پہلا مقدمہ درج، ملزم گرفتار
راولپنڈی میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) قانون کے تحت ٹک ٹاکر کے خلاف پہلا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ٹک ٹاکر کے خلاف مقدمہ حکومت اور عسکری اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز پوسٹ کرنے پر درج کیا گیا
پولیس کی جانب سے مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 505 الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کی دفعہ 20 کے تحت درج کیا گیا جب کہ ملزم محمد ریان کو گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا گیا۔
مقدمہ کے متن کے مطابق ملزم نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر حکومت پاکستان، عسکری اداروں اور انٹیلی جنس سربراہان کے خلاف تضحیک آمیز ویڈیوز شیئر کر رکھی تھی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزم کے اکاؤنٹس کی ویڈیوز ظاہر کرتی ہیں کہ وہ ایک جماعت کا رکن ہے اور سوچی سمجھی سازش کے تحت ملزم حکومتی اداروں کے خلاف نفرت آمیز مواد شیئر کر رہا ہے۔
مزید کہا گیا کہ ملزم عوام الناس میں حکومت کے خلاف انتشار، نفرت پھیلانا چاہتا ہے تاکہ حکومت اپنا اعتماد کھو بیٹھے۔