عالیہ بھٹ میری پہلی بیوی نہیں، رنبیر کپور کا انکشاف
بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو کہلانے والے رنبیر کپور نے مضحکہ خیز انکشاف کیا ہے کہ عالیہ بھٹ ان کی پہلی بیوی نہیں جب کہ وہ اپنی پہلی اہلیہ سے آج تک نہیں ملے۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق رنبیر کپور نے اپنی فلم پروموشن کے دوران ایک مضحکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے اپنی ان دیکھی مداح لڑکی کو اپنی پہلی اہلیہ قرار دیا۔
انہوں نے عجیب قصہ سنایا کہ ایک ان دیکھی مداح لڑکی نے پنڈت کے ہمراہ ان کے گھر آکر ان کے گیٹ پر ان کی غیر موجودگی میں ان سے شادی کرلی تھی۔
ان کے مطابق کیریئر کے آغاز میں ایک مداح لڑکی ان کی رہائش گاہ پر پنڈت کے ہمراہ پہنچیں اور اپنی شادی رچاکر چلی گئیں۔
رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ گھر پر موجود نہیں تھے، اس لیے مداح لڑکی نے ان کے گیٹ پر ہی ان کی غیر موجودگی میں ان کے ساتھ شادی رچائی، گیٹ پر ٹیکا اور پھول چھوڑ کر چلی گئیں۔
اداکار نے مزاحیہ انداز میں مذکورہ لڑکی کو اپنی پہلی بیوی قرار دیا اور کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ وہ آج تک اپنی پہلی اہلیہ سے نہیں ملے، انہیں پہلی شریک حیات سے ملنے کا شوق ہے۔
رنبیر کپور کی جانب سے مضحکہ خیز انداز میں ان دیکھی مداح لڑکی کو اپنی پہلی بیوی قرار دینے کی ان کی بات وائرل ہوگئی اور صارفین نے ان کی بات پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
خیال رہے کہ رنبیر کپور نے ساتھی اداکارہ عالیہ بھٹ سے کچھ عرصہ تلعقات میں رہنے کے بعد اپریل 2022 میں شادی کی تھی جب کہ ان کے ہاں شادی کے 7 ماہ بعد نومبر میں ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
جوڑے کے ہاں نومبر کے پہلے ہفتے میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
شادی کے بعد بھی دونوں میاں اور بیوی فلموں میں دکھائی دیتے رہے ہیں جب کہ دونوں کو مختلف شوبز تقریبات میں بھی دیکھا جاتا رہا ہے۔