اے آر رحمٰن نے دائرہ اسلام میں داخل ہوتے وقت خاندانی دباؤ برداشت کیا، فلم ساز کا انکشاف
معروف بھارتی فلم ساز راجیو مینن نے انکشاف کیا ہے کہ ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اللہ رکھا المعروف اے آر رحمٰن نے دائرہ اسلام میں داخل ہوتے وقت خاندانی دباؤ کو برداشت کیا۔
’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق راجیو مینن نے ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اے آر رحمٰن اور ان کے خاندان کی جانب سے اسلام قبول کرنے سے متعلق بھی بات کی۔
راجیو مینن نے ’او ٹو انڈیا‘ نامی یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ وہ اے آر رحمٰن کو 35 سال سے جانتے ہیں، وہ ماضی میں انتہائی شرمیلے تھے لیکن اب موسیقار شرمیلے نہیں رہے، اب وہ مختلف معاملات پر بول لیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اے آر رحمٰن کو بچپن سے ہی موسیقی کا شوق تھا اور اگر موسیقی نہ ہوتی تو ان کی شخصیت ایسی نہ بن پاتی، انہوں نے خاندانی دباؤ سمیت دیگر مسائل کا مقابلہ بھی موسیقی سے کیا۔
ایک سوال کے جواب میں راجیو مینن نے انکشاف کیا کہ اے آر رحمٰن کے خاندان کی جانب سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے فیصلے پر موسیقار نے دباؤ برداشت کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اے آر رحمٰن اور ان کے اہل خانہ کے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے وقت کو انتہائی قریب سے دیکھا، انہوں نے ہی موسیقار کے خاندان اور اسلامی مذہبی علما کے درمیان مترجم کا کردار ادا کیا۔
فلم ساز کے مطابق خاندان کی جانب سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے فیصلے پر اے آر رحمٰن نے کافی دباؤ برداشت کیا اور خصوصی طور پر موسیقار کی بہنوں کی شادی کے معاملے پر انہوں نے دباؤ برداشت کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اے آر رحمٰن اور ان کے اہل خانہ اس وقت ہندی زبان نہیں سمجھتے تھے، اس لیے انہوں نے مذہبی علما اور موسیقار کے خاندان کے درمیان مترجم کا کردار ادا کیا۔
اگرچہ راجیو مینن نے دعویٰ کیا کہ اے آر رحمٰن نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر خاندانی دباؤ کو برداشت کیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کس طرح کا دباؤ برداشت کیا؟ کیا موسیقار مسلمان ہونا نہیں چاہتے تھے یا پھر ان کا خاندان اپنا پرانا مذہب نہیں چھوڑنا چاہتا تھا؟
تاہم ان کی باتوں سے عندیہ ملتا ہے کہ دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ اے آر رحمٰن کی والدہ اور بہنوں سمیت دیگر اہل خانہ نے کیا تھا، جسے موسیقار نے خاندانی دباؤ پر قبول کرتے ہوئے خود بھی اسلام قبول کیا۔
اے آر رحمٰن اور ان کے والدین پیدائشی ہندو تھے، والد کی وفات کے بعد موسیقار نے والدہ اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ اسلام قبول کیا تھا۔
اے آر رحمٰن تامل ناڈو کے رہائشی ہیں اور انہوں نے کم از کم عالمی معیار کے 100 گانوں کی موسیقی ترتیب دے رکھی ہے۔
اے آر رحمٰن بھارت کے واحد موسیقار اور شوبز شخصیت ہیں، جنہیں فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ آسکر ملا جب کہ وہ بافٹا اور گولڈن گلوب جیسے اعلیٰ ایوارڈز بھی متعدد بار جیتنے والے واحد بھارتی ہیں۔ اے آر رحمٰن نے خود بھارت کا اعلیٰ ترین نیشنل ایوارڈ بھی 4 مرتبہ حاصل کیا ہے جب کہ کئی اعلیٰ اداکار و موسیقار بھی تاحال یہ ایوارڈ نہیں جیت پائے۔