• KHI: Fajr 5:15am Sunrise 6:31am
  • LHR: Fajr 4:39am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:41am Sunrise 6:05am
  • KHI: Fajr 5:15am Sunrise 6:31am
  • LHR: Fajr 4:39am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:41am Sunrise 6:05am

’فی الحال‘ زبردست ہوں، مشہور ہو رہا ہوں، دانش تیمور کی ایک اور ویڈیو وائرل

شائع March 21, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اپنی اہلیہ اداکارہ عائزہ خان کی موجودگی میں ٹی وی شو پر زائد شادیاں کرنے اور ’فی الحال‘ عائزہ کے ساتھ ہوں کا بیان دینے پر تنقید کی زد میں آنے والے دانش تیمور کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔

دانش تیمور نے گرین ٹی وی پر نشر ہونے والے رمضان شو میں بیوی عائزہ خان کی موجودگی میں کہا تھا کہ مذاق اپنی جگہ لیکن یہ حقیقت ہے کہ خدا تعالیٰ نے مرد کو چار شادیوں کی اجازت دی ہے اور جب خدا کسی کو اجازت دے تو کسی اور کی اجازت کی ضرورت نہیں رہتی۔

دانش تیمور نے مزید کہا تھا کہ انہیں خدا کی طرف سے چار شادیوں کی اجازت ہے لیکن یہ الگ بات ہے کہ وہ کر نہیں رہے۔

اداکار نے کہا تھا کہ یہ ان کا پیار اور عزت ہے، اس لیے مزید شادیاں نہیں کر رہے اور یہ کہ فی الحال وہ عائزہ خان کے ساتھ ہی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

ان کی جانب سے ایسا بیان دیے جانے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا گیا تھا اور صارفین نے ان کے ’فی الحال عائزہ کے ساتھ ہوں‘ کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے اپنے بیان پر معافی بھی مانگی تھی اور واضح کیا تھا کہ انہوں نے ’فی الحال‘ کا لفظ کیوں استعمال کیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے ’فی الحال‘ کا لفظ اس لیے استعمال کیا، کیوں کہ وہ مستقبل سے متعلق نہیں جانتے،کیا پتا کل کو وہ مرجائیں، اس لیے انہوں نے فی الحال کا لفظ استعمال کیا تھا۔

تاہم ان کے وضاحتی بیان کے باوجود ان پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے اور اب ان کی جانب سے اپنے ہی لفظ ’فی الحال‘ پر مذکورہ رمضان شو کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دانش تیمور کو ساتھی میزبان رابعہ انعم سے خوشگوار انداز میں بات کرتے ہوئے بار بار ’فی الحال‘ کا لفظ استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

نہ صرف دانش تیمور بلکہ رابعہ انعم کی جانب سے بھی ’فی الحال‘ کا لفظ استعمال کیا گیا اور صارفین کی جانب سے ان کی ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے گئے۔

ویڈیو میں دانش تیمور ساتھی میزبان رابعہ انعم کو بتاتے ہیں کہ ’فی الحال‘ وہ زبردست ہیں، مشہور ہو رہے ہیں، انہیں مزہ آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے ڈراموں کو تو اربوں بار دیکھا جاتا رہا ہے لیکن اب انہیں ایسا لگ رہا ہے کہ ان کے رمضان شو کو بھی اربوں بار دیکھا جائے گا۔

انہوں نے اپنے پرانے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کے بعد لوگوں نے ان کی رمضان نشریات کو دیکھنا شروع کیا اور ان کی کلپ ہر جگہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر وائرل ہو رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 مارچ 2025
کارٹون : 23 مارچ 2025