علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے طویل ملاقات
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور ان کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹر سیف علی امین گنڈا پور کے ہمراہ ان کی گاڑی میں اڈیالہ جیل پہنچے۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور، بیرسٹر سیف کی عمران خان سے ملاقات میں بشری بی بی شامل نہیں۔
ملاقات کانفرنس روم میں تقریبا ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی، علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے منگل اور جمعرات 2 دن کی ملاقات بحال کر دی تھی، عدالت عالیہ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں ہو گی، سلمان اکرم راجا جو نام دیں گے صرف وہی ملاقات کر سکے گا۔
گزشتہ روز بانی پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجا کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی تھی جبکہ اعظم سواتی، نادیہ خٹک، تابش فاروق، مبشراعوان اور انصر کیانی کو ملاقات کی اجازت مل گئی تھی۔
اس موقع پر سلمان اکرم راجا نے کہا تھا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ میں نےنام دیے اور مجھےہی ملاقات کی اجازت نہیں ملی، اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر انہوں نے عملے سے کہا کہ جیلرصاحب آپ نمبر پورے کررہے ہیں، ہم دوافراد کو روک رہے ہیں، مجھے اور نیاز اللہ نیازی کو بھیجیں۔