• KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:50pm
  • LHR: Asr 4:37pm Maghrib 6:25pm
  • ISB: Asr 4:43pm Maghrib 6:32pm
  • KHI: Asr 5:04pm Maghrib 6:50pm
  • LHR: Asr 4:37pm Maghrib 6:25pm
  • ISB: Asr 4:43pm Maghrib 6:32pm

لاہور: بارات آنے سے چند گھنٹے پہلے دلہن کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

شائع April 3, 2025
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

لاہور میں ایک لڑکی کو اس کی بارات آنے سے چند گھنٹے قبل گولی مار دی گئی، مقتولہ کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ گولی لڑکی کے بہنوئی نے ماری ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے بیان کے مطابق یہ واقعہ آج ( جمعرات کو ) پیش آیا جب ایک لڑکی کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، جبکہ کچھ ہی گھنٹوں کے بعد اس کی بارات آنےو الی تھی، مقتولہ کے لواحقین نے قتل کا الزام مقتولہ کے بہنوئی پر عائد کیا ہے۔

بیان کے مطابق 23 سالہ لڑکی کو جمعرات کی صبح سر میں گولی ماری گئی، واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش شروع کی، پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے اپنا کام مکمل کرنے کے بعد، لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیا،۔

مقتولہ کی والدہ، جمیلہ بی بی نے الزام لگایا کہ ان کے داماد نے بیٹی کو قتل کیا اور اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ ’ میں اپنی بیٹی کو اس (ملزم) سے طلاق دلانے کے لیے تیار ہوں۔’

دریں اثنا، مقتولہ کے چچا، شوکت علی نے ڈان کو بتایا کہ ملزم نے لڑکی کو اس وقت گولی ماری جب وہ سورہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ (ملزم ) نے بندوق قریبی پلاٹ میں پھینک دی، پھر اس نے ہم سے کہا کہ اس کی طبیعت خراب ہو رہی ہے اور پوچھا کہ کیا وہ گھر چلا جائے، اس نے موقع سے فرار ہونے کے لیے بیمار ہونے کا بہانہ کیا تھا۔

پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد اب بھی عام ہے, گزشتہ ماہ پولیس نے لاہور کے لیاقت آباد علاقے میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر اپنے شوہر کی دوسری بیوی کو قتل کرنے اور لاش کو اپنے گھر سے ملحقہ کوارٹر میں پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

گزشتہ سال نومبر میں جاری ہونے والی خواتین کے قتل سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق2023 میں عالمی سطح پر 85000 خواتین اور لڑکیوں کو جان بوجھ کر قتل کیا گیا تھا۔

یہ رپورٹ، ’2023 میں خواتین کا قتل: قریبی ساتھی/خاندانی رکن کے ہاتھوں خواتین کے قتل کے عالمی تخمینے‘ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کی گئی تھی، جو اقوام متحدہ کی خواتین اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کی مشترکہ طور پر تیار کردہ تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دنیا بھر میں خواتین اور لڑکیوں کے دانستہ قتل کے بیشتر واقعات میں خاندان کے اراکین یا قریبی دوست ملوث ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 اپریل 2025
کارٹون : 5 اپریل 2025