شہزادی کیٹ مڈلٹن کی عید پر 6 سال پرانے پاکستانی لباس پہننے کی ویڈیو وائرل
کینسر جیسے موذی مرض کا مقابلہ کرنے والی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر 6 سال پرانے پاکستانی لباس پہننے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے شہزادی کی تعریفیں کیں۔
کیٹ مڈلٹن کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر مسلمانوں کے لباس سے مشابہہ جسم کو مکمل ڈھانپنے والا سیاہ رنگ کا لباس پہنا گیا، ساتھ ہی انہوں نے سر پر کڑھائی کیا ہوا سفید رنگ کا دوپٹہ بھی رکھا۔
کیٹ مڈلٹن کی جانب سے جسم کو مکمل ڈھانپنے والے لباس کے ساتھ جو دوپٹہ پہنا گیا، انہوں نے وہ دوپٹہ پہلی بار اکتوبر 2018 میں اپنے پہلے پاکستانی دورے کے دوران پہنا تھا، جسے پاکستانی کلاتھنگ برانڈ ’ایلان‘ نے تیار کیا تھا۔
کیٹ مڈلٹن کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر پاکستانی لباس کو پہننے کی ویڈیو فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے شیئر کی، جسے ایلان کے آفیشل انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا گیا۔
ویڈیو میں کیٹ مڈلٹن کو پاکستانی دوپٹے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے اور وہ لندن میں عید منانے والی مسلم کمیونٹی سے خوش اخلاقی سے ملتی دکھائی دیتی ہیں۔
شہزادی مڈلٹن کی جانب سے 6 سال پرانے پاکستانی لباس کو عید کے موقع پر دوبارہ پہننے پر صارفین نے ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ اتنا امیر ہونے کے باوجود شہزادی نے پرانا دوپٹا پہننا بہتر سمجھا اور انہوں نے ایسا کرکے مثبت پیغام دیا۔
کیٹ مڈلٹن کی جانب سے عید کےموقع پر صرف پاکستانی برانڈ کا 6 سال پرانا دوپٹہ پہنا گیا جو کہ ایلان نے تیار کیا تھا۔

شہزادی مڈلٹن نے شوہر شہزادہ ولیم کے ہمراہ 14 سے 18 اکتوبر 2019 میں اپنا پہلا پاکستانی دورہ کیا تھا، جس دوران انہوں نے ایلان سمیت دیگر برانڈز کی جانب سے تیار کردہ پاکستانی طرز کے مشرقی لباس پہنے تھے۔
کیٹ مڈلٹن کی جانب سے پاکستانی دورے کے دوران پاکستانی ڈیزائنرز کے لباس پہننے پر ان کی تعریفیں بھی کی گئی تھیں جب کہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں اور مداحوں نے ان کے لباس اور شخصیت کی بھی تعریفیں کی تھیں۔