عظمیٰ بخاری کے رات گئے تھیٹرز پر چھاپے، نامناسب رقص پر اداکاراؤں کو نوٹسز
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عید الفطر کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور کے متعدد تھیٹرز میں رات گئے اچانک چھاپے مارے، جہاں انہوں نے نامناسب لباس اور رقص کرنے پر اداکاروں و اداکاراؤں کو نوٹسز بھی جاری کیے۔
عظمیٰ بخاری نے لاہور کے متعدد تھیٹرز پر چھاپے مارنے کی اپنی ویڈیو فیس بک پر بھی شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے 6 تھیٹرز اداکاروں کو نوٹس جاری کردیے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے تھیٹرز میں چھاپے کے دوران کیفیٹیریاز، ڈریسنگ اور میک اپ روز سمیت ہالز کا بھی جائرہ لیا۔
انہوں نے کم سے کم تین تھیٹرز پر رات گئے اچانک چھاپہ مار کر تھیٹرز میں پیش ہونے والے تھیٹرز کی پرفارمنس کو جانچنے سمیت دیگر چیزوں کو بھی دیکھا۔
عظمیٰ بخاری نے تھیٹرز میں اداکاراؤں کی جانب سے کی جانے والی نامناسب ڈریسنگ پر اظہار برہمی کیا جب کہ وہ گانوں میں نامناسب رقص پر بھی نالاں ہوئیں اور انہوں نے 6 اداکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیے۔
اس حوالے سے ڈان اخبار نے بتایا کہ عظمیٰ بخاری نے تھیٹرز پر چھاپے مارنے کے دوران کہا کہ کسی کو بھی فحاشی اور بے حیائی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رہنما اصولوں پر عمل نہ کرنے والے تھیٹرز کو ہمیشہ کےلیے بند کردیا جائےگا۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ جلد پنجاب کے دیگر اضلاع میں موجود تھیٹرز کے بھی اچانک دورے کریں گی اور دیکھیں کہ تھیٹرز فیملی کے ساتھ دیکھی جانے والی تفریح فراہم کر رہے ہیں یا نہیں؟
دوسری جانب عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ اسٹیج تھیٹرز کو فیملی تھیٹرز بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے عریانی و فحاشی کے خاتمے کے لیے نیا قانونی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جسے جلد منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ان کے مطابق نئے تھیٹرز ایکٹ کے تحت اسٹیج تھیٹرز کی مانیٹرنگ کے اختیارات ضلعی انتظامیہ سے واپس لے کر محکمہ انفارمیشن پنجاب کو تفویض کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ تھیٹرز میں فحاشی و عریانی اور بھارتی گانے چلانے پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، نئے ایکٹ میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر سخت سزائیں، جرمانے اور لائف بین کی سزا بھی تجویز کی گئی ہے۔