جلیانوالہ باغ قتل عام پر بنائی گئی فلم ’کیسری 2‘ کا ٹریلر جاری
برٹش انڈیا کے دور میں برطانوی فوج کی جانب سے جلیانوالہ باغ میں کیے گئے قتل عام کی کہانی کے گرد گھومتی بولی وڈ فلم ’کیسری 2‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں ماہ 18 اپریل کو ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
’کیسری 2‘ میں اکشے کمار، آر مدھاون اور اننیا پانڈے سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
فلم کی مرکزی کہانی جلیانوالہ باغ قتل عام کے بعد برطانوی حکومت کے خلاف وکیل سی سن کرن کی عدالتی جنگ پر مبنی ہے۔
فلم میں اکشے کمار وکیل سی سن کرن جب کہ رام مدھاون ان کے مخالف یعنی برطانوی حکومت کے وکیل کے طور پر نظر آئیں گے
اداکارہ اننیا پانڈے بھی فلم میں ایک وکیل کے طور پر نظر آئیں گی جب کہ فلم میں متعدد بار جلیانوالہ باغ قتل عام کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
فلم کی ہدایات کرن سنگھ تیاگی نے دی ہیں جب کہ اسے کرن جوہر کی فلم پروڈکشن کمپنی نے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم اکشے کمار کی 2019 کی مقبول فلم ’کیسری‘ کا سیکوئل ہے، پرانی فلم بھی حب الوطنی کی کہانی کے گرد گھومتی تھی۔
’کیسری ٹو‘ کے ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے اسے جلیانوالہ باغ قتل عام کی برسی کے چند دن بعد 18 اپریل کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ جلیانوالہ باغ قتل عام 13 اپریل 1919 کو امرتسر میں ہوا تھا، جہاں برطانوی فوج نے پرامن احتجاج، جس میں زیادہ تر سکھ مرد و خواتین شامل تھے، پر گولیاں برسا کر ان کا قتل عام کیا۔ اس دن 15 ہزار سے زائد افراد بیساکھی کا تہوار منانے کے لیے عوامی پارک میں جمع ہوئے تھے، جہاں سے باہر جانے کا ایک ہی تنگ راستہ تھا۔
وہ لوگ ہتک آمیز رولیٹ ایکٹ کے خلاف احتجاج کے لیے اکٹھا ہوئے تھے، اور جنرل ریجینالڈ ڈائر انہیں خاموش کرنے نکلے تھے۔ بغیر کسی وارننگ کے اچانک بندقوں سے 1650 گولیاں چلائی گئیں۔ اس واقعے میں 500 سے 600 کے درمیان لوگوں کی موت ہوئی، کچھ اندازوں کے مطابق اموات کی تعداد ایک ہزار تھی جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے 3 گنا زیادہ تھی۔