معاوضہ نہ دینے کے الزام پر ماریہ بی کا ترک ماڈل کو جواب
معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی اور ترکیہ کی ماڈل ترکان آتائے کے درمیان فوٹوشوٹ کے معاوضے کی ادائیگی سے متعلق تنازع سامنے آ گیا۔
ترکیہ کی ماڈل و سوشل میڈیا اسٹار ترکان آتائے نے تین دن قبل انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ماریہ بی نے انہیں ترکیہ میں کیے جانے والے فوٹوشوٹ کی مکمل ادائیگی نہیں کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ماضی میں بھی ماریہ بی کے ساتھ کام کیا تھا لیکن اس وقت انہوں نے فیشن ڈیزائنر سے کوئی معاوضہ وصول نہیں کیا تھا لیکن میں کیے جانے والے فوٹوشوٹ کا انہیں معاوضہ دیا جانا تھا جو کہ انہیں تاحال مکمل نہیں ملا۔
ترکان آتائے نے بتایا کہ 2025 کے آغاز میں ماریہ بی نے ترکیہ میں فوٹوشوٹ کروایا، جس کے مکمل انتظامات انہوں نے کیے، شوٹنگ سے لے کر ویڈیو ایڈیٹنگ تک تمام کام انہوں نے دیکھا اور انہوں نے کام سے پہلے ماریہ بی کو معاوضے کی رقم بھی بتائی جس پر فیشن ڈیزائنر مطلوبہ رقم دینے پر رضامند بھی ہوئیں۔
ترکیہ کی ماڈل کے مطابق شوٹ کو چند ماہ گزر جانے کے باوجود انہیں معاوضے کی مکمل ادائیگی نہیں کی گئی، انہیں پہلے آسرے دیے گئے لیکن بعد میں ان کے میسیجز کا جواب تک نہیں دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماریہ بی اتنا بڑا برانڈ ہے لیکن ان کی جانب سے کچھ پیسے نہ دیے جانے پر وہ حیران ہیں، اتنے بڑے برانڈ کے لیے اتنی چھوٹی رقم کوئی معنی نہیں رکھتی لیکن اس باوجود انہیں معاوضہ نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ماریہ بی ویسے تو اسلام اور فلسطین کے حوالے سے بڑی مہم چلاتی دکھائی دیتی ہیں لیکن انہوں نے دوسروں کا حق کھایا اور انہیں مکمل ادائیگی نہیں کی۔
ترکان آتائے کا کہنا تھا کہ وہ یہ ویڈیو پیسوں کے لیے نہیں شیئر کر رہیں، وہ صرف مسئلے کی نوعیت بتانے کے لیے ویڈیو شیئر کر رہی ہیں۔
ان کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد ماریہ بی نے انہیں جواب دیتے ہوئے ویڈیو شیئر کی اور اعتراف کیا کہ بعض تکنیکی مسائل کی وجہ سے ترکیہ کی ماڈل کو مکمل ادائیگی نہیں ہو سکی۔
ماریہ بی نے اپنی مختصر ویڈیو میں بتایا کہ ترکان آتائے نے ان سے کام کے لیے رابطہ کیا تھا، جس پر انہیں خوشی ہوئی اور انہوں نے اپنی نوجوان پی آر کی لڑکی کو معاملہ سونپا، جن سے کچھ غلطیاں ہوئیں۔
فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ اب نئی بچی سے جو غلطیاں ہوئیں، اس پر انہیں وہ کیا سزا دیں؟ کیا انہیں ملازمت سے نکال دیں یا پھر انہیں مار ڈالیں؟
ماریہ بی کے مطابق انہوں نے ترکیہ کی ماڈل کو بہت زیادہ رقم کی ادائیگی کردی ہے جب کہ کچھ سو ڈالرز کی مزید ادائیگی ہونی تھی جو کہ تکنیکی مسائل کی وجہ سے رکی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ترکیہ کی ماڈل کو سمجھانے کے باوجود انہوں نے ان کے خلاف الزامات کی ویڈیو جان بوجھ کر لگائی اور انہیں دھمکی بھی دی کہ وہ اس طرح کی مزید ویڈیوز بھی شیئر کریں گی۔