• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

بدقسمتی سے کرکٹ پر سیاست اثرانداز ہو رہی ہے، وزیر داخلہ

شائع January 12, 2020 اپ ڈیٹ January 17, 2020
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بنگلہ دیش کو سیریز کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بنگلہ دیش کو سیریز کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے محفوظ اور پرامن ملک قرار دیتے ہوئے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو سیریز کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کو رواں ماہ ٹی20 اور ٹیسٹ میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن وہ ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان دنیا کے محفوظ ترین ملکوں میں سے ایک ہے، کرس گیل

لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ پاکستان میں حالات پہلے کی نسبت اب بہت بہتر ہیں اور ہم اپنی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) بھی اب ملک میں کرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلے کے مقابلے میں سیکیورٹی اور ماحول اب بہت بہتر ہے۔

تاہم انہوں نے کھیلوں میں دوسرے ممالک کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب بدقسمتی سے کرکٹ کے کھیل میں سیاست گھس گئی ہے لیکن ہمارے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، بنگلہ دیش کو دورے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان: دونوں کرکٹ بورڈز تاحال کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ٹی20 میچ تو پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار ہے لیکن وہ ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان ٹیم بھیجنے میں شش وپنج کا شکار ہے۔

ابتدائی طور پر بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز نیوٹرل مقام پر منعقد کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے مسترد کرتے ہوئے ہوم گراؤنڈ پر ہی سیریز کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔

دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے قائم ڈیڈلاک میں اب بہتری آئی ہے اور ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش نے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے پاکستان سے مزید وقت مانگ لیا ہے۔

دورہ پاکستان سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا اجلاس آج ہوگا اور پاک بنگلہ دیش سیریز سے متعلق اعلان ایک سے دو روز میں کیے جانے کا امکان ہے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کےمطابق ڈھاکا میں بی سی بی کا آج اہم اجلاس ہوگا جس میں دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی مشاورت کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ دورہ پاکستان کے خواہش مند

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن دورہ نہ کرنے کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے جبکہ حکومتی اجازت سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ذرائع کےمطابق بنگلہ دیش ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مومن الحق سمیت بیشتر کھلاڑی دورہ پاکستان کے لیے آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ آئندہ ماہ شیڈول پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کی وجہ سے وقت کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے مرحلے میں صرف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی پیشکش کی ہوئی ہے تاہم ابھی تک سیریز کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024