• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:57am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:23am Sunrise 6:51am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:57am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:41am
  • ISB: Fajr 5:23am Sunrise 6:51am

پاکستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 13 ہزار 328، اموات 279 ہوگئیں

شائع April 26, 2020 اپ ڈیٹ April 27, 2020
پاکستان میں وائرس سے 277 افراد انتقال کرچکے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں وائرس سے 277 افراد انتقال کرچکے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی اور اب تک 279 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 936 تک پہنچ گئی۔

ملک میں 26 فروری کو پہلے کیسز کے بعد سے 25 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی تاہم اس کے بعد سے آج 26 اپریل تک نہ صرف ساڑھے 12 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے بلکہ اسی عرصے میں تقریباً 200 سے زائد اموات بھی ہوئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 11 ہزار سے متجاوز، اموات 237 ہوگئیں

اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک میں حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہیں تاہم اس کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تاہم حکومت نے اس وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر جاری اس جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع بھی کی تھی۔

اگر اس وائرس سے متعلق کیسز کو دیکھیں تو آج (26 اپریل) کو بھی پاکستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔

پنجاب

پنجاب کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 124 گھنٹے کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 120 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 5446 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے مطابق صوبے میں کورانا وائرس کے مزید 71 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک ہزار 864 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں صوبائی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 5 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 98 ہوگئی ہے۔

یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں مزید 30 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 515 ہوگئی ہے۔

سندھ

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کی جانب سے فراہم کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 383 کیسز کا اضافہ ہوا جس کے بعد وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 615 ہوگئی۔

انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ 24 گھنٹے میں مزید 3 افراد کی موت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتیں 81 تک پہنچ چکی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں صحتیاب افراد کی تعداد 872 تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 41 ہزار 216 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 22 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

سرکاری سطح پر فراہم کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد245 تک جا پہنچی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تک اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 223 تھی۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور مزید 11 فرد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نئے اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 307 سے بڑھ کر 318 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 781 ہوگئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں دو افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 13 ہوگئی۔

اس سے قبل بھی ترجمان نے ایک موت کی تصدیق کی تھی جس کے بعد تعداد 11 ہو گئی تھی لیکن دو مزید اموات کے نتیجے میں صوبے میں مرنے والوں کی کُل تعداد 13 ہو گئی ہے۔

آزاد کشمیر

کورونا وائرس کی تفصیلات بتانے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 59 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ جہاں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں اس وائرس کو شکست دینے والے افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 181 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2755 سے بڑھ کر2936 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کو صوبوں اور علاقوں کے حساب سے دیکھیں تو اس وقت پنجاب سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے اور وہاں کیسز کی تعداد 5446 ہے۔

اسی طرح سندھ میں کیسز کی تعداد 4615 ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 1864 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 781 ہے جبکہ اسلام آباد میں 245 افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔

گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا 318 افراد کو اپنا شکار بنا چکی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 59 کیسز سامنے آئے ہیں۔

تاہم اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے۔

خیبرپختونخوا: 98

پنجاب: 81

سندھ: 81

بلوچستان: 13

گلگت بلتستان: 3

اسلام آباد: 3

آزاد کشمیر کوئی نہیں

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 13 ہزار 328 ہوچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 277 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024