• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
شائع April 30, 2020 اپ ڈیٹ May 1, 2020


بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کے اچانک انتقال نے صرف شوبز میں ان کے ساتھیوں کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کو حیران اور افسردہ کردیا۔

رشی کپور کا تعلق بولی وڈ کے مشہور کپور خاندان سے تھا اور وہ اداکار، فلمساز اور ہدایتکار راج کپور کے منجھلے بیٹے تھے۔

انہوں نے اپنے زمانے کی مشہور ہیروئن نیتو سنگھ سے 1980 میں شادی کی تھی اور ان کے بیٹے رنبیر کپور بھی اس وقت بالی وڈ میں صفِ اول کے اداکار ہیں۔ رنبیر کے علاوہ رشی کپور کی ایک بیٹی ردھیما بھی ہیں۔

رشی کپور نے بولی وڈ میں اپنے باقاعدہ کریئر کا آغاز سنہ 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے کیا تھا جو ایک سپرہٹ فلم تھی۔ اس سے پہلے وہ اپنے خاندان کے فلمی بینر کے تحت بننے والی شری 420 اور میرا نام جوکر جیسی کامیاب فلموں میں بھی بطور چائلڈ ایکٹر کام کر چکے تھے۔

ان کے کامیاب کیریئر سے اکٹھی کی گئی چند بہترین فلموں کی فہرست یہاں ترتیب دی گئی ہے:

بوبی

1973 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بوبی' رشی کپور کی جوانی کی پہلی فلم تھی، اس فلم میں ڈمپل کپاڈیا نے بھی اہم کردار نبھایا تھا، یہ فلم اس حد تک کامیاب ہوئی کہ اس نے رشی اور ڈمپل کو راتوں رات اسٹار بنادیا۔ یہ دونوں ہی انڈسٹری میں نئے آئے تھے تاہم ان کی جوڑی کو خوب سراہا گیا۔

اس فلم کی ہدایات راج کپور نے دی تھی، فلم کے گانے بھی کامیاب ثابت ہوئے تھے۔

امر اکبر اینتھونی

1977 میں ریلیز ہونے والی فلم امر اکبر اینتھونی صرف رشی کپور کی ہی نہیں بلکہ امیتابھ بچن اور ونود کھنہ کے کیریئر کی بھی کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی۔

اس کامیڈی فلم میں یہ تینوں اداکار بھائی بنے تھے، تاہم ان تینوں کا مذہب ایک دوسرے سے الگ تھا، اس فلم میں رشی کپور کے ساتھ ان کی اہلیہ نیتو سنگھ نے بھی کام کیا تھا۔

رشی کپور کی اداکاری کو اس فلم میں خوب سراہا گیا، جبکہ یہ اپنے وقت کی کامیاب کامیڈی فلم بھی ثابت ہوئی۔

یہ وعدہ رہا

اس فلم میں رشی کپور نے راکھی، پونم دھیلون اور ٹینا منیم کے ساتھ کام کیا، یہ 1982 میں ریلیز ہوئی تھی۔

فلم میں رشی کپور ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھنے والے نوجوان بنے جسے ایک غریب لڑکی سے پیار ہوجاتا ہے اور وہ اسے پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔

رشی کپور کو اپنے ان کرداروں کی وجہ سے اپنے دور کا بہترین رومانوی ہیرو مانا جاتا تھا۔

ساگر

فلم ساگر 1985 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں بھی رشی کپور نے ڈمپل کپاڈیا کے ساتھ کام کیا، اس فلم کی کہانی ایک امیر نوجوان راج اور غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والی مونا پر مبنی تھی جو ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوجاتے ہیں تاہم ان کے گھر والے اس رشتے کے خلاف ہوتے ہیں۔

اس فلم کو بھی رشی کپور کے کیریئر کی کامیاب فلم مانا جاتا ہے، اس فلم ان دونوں اداکاروں کے ساتھ کمل ہاسن نے بھی کام کیا۔

نگینہ

فلم نگینہ 1986 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں رشی کپور نے آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا۔

ویسے تو اس پوری فلم کی کہانی صرف سری دیوی کے کردار کے گرد گھومتی نظر آئی، اس کے باوجود رشی کپور اپنے ٹیلنٹ سے ہائی لائٹ ہونے میں کامیاب رہے۔

فلم میں سری دیوی نے ایک ناگن کا کردار نبھایا تھا جبکہ رشی کپور انہیں پسند کرنے والے نوجوان بنے تھے۔

چاندنی

1989 میں سامنے آنے والی فلم چاندنی میں بھی رشی کپور اور سری دیوی نے اکٹھے کام کیا تھا۔

اس فلم میں رشی کپور نے ایک نوجوان لڑکے کا کردار نبھایا جو چاندنی (سری دیوی) کی محبت میں مبتلا ہوجاتا ہے، تاہم ایک حادثے میں معذور ہونے کے بعد وہ سری دیوی کے اچھے مستقبل کے لیے اسے ٹھکرا دیتا ہے۔

رشی کپور نے اس مشکل کردار کو نہایت بخوبی سے نبھایا تھا۔

بول رادھا بول

فلم بول رادھا بول 1992 میں ریلیز ہوئی تھی، اس رومانوی تھرلر فلم میں رشی کپور کا ڈبل کردار تھا۔

فلم میں رشی کپور نے ایک امیر آدمی کا کردار نبھایا، جس کی دولت پر ان کا ہمشکل قبضہ کرلیتا ہے۔

فلم میں رشی کپور اور جوہی چاولا کی جوڑی کو بھی خوب سراہا گیا جبکہ یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ رشی کپور رومانوی کرداروں کے ساتھ ساتھ منفی کردار بھی باخوبی نبھا سکتے ہیں۔

اگنی پتھ

2012 میں سامنے آنے والی فلم اگنی پتھ 1990 کی فلم اگنی پتھ کا ریمیک تھی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

اس فلم میں رشی کپور نے منفی کردار نبھا کر سب کو اپنی اداکاری سے حیران کردیا تھا۔

فلم میں ہریتھک روشن اور سنجے دت نے بھی مرکزی کردار نبھائے تھے۔

دی ڈے

فلم دی ڈے 2013 میں سامنے آئی جس میں رشی کپور نے ایک کینگسٹر کا کردار بخوبی نبھایا۔

فلم میں عرفان خان اور رشی کپور دونوں کی اداکاری کو خوب سراہا گیا جبکہ یہ بھی رشی کے کیریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک قرار پائی۔

رشی کپور نے اس فلم کے ساتھ ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ رومانوی کرداروں کے ساتھ ساتھ منفی کردار ادا کرنے کے بھی ماہر ہیں۔

کپور اینڈ سنز

فلم کپور اینڈ سنز 2016 میں سامنے آئی جس میں رشی کپور نے فواد خان، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کیا۔

فلم میں رشی کپور نے نہایت بہترین انداز میں 90 سال کے بزرگ شخص کا کردار نبھایا جس کی خواہش تھی کہ اس کی فیملی اکٹھی ہوجائے اور وہ ایک فیملی فوٹو لے سکے۔

اس فلم کی کہانی کو اور رشی کپور کی اداکاری کو مداحوں نے خوب سراہا۔

102 ناٹ آؤٹ

فلم 102 ناٹ آؤٹ 2018 میں سامنے آئی تھی جس میں رشی کپور نے 75 سالہ بیٹے جبکہ امیتابھ بچن نے 102 سال کے والد کا کردار نبھایا تھا۔

اس کامیڈی ڈراما فلم میں دونوں لیجنڈری اداکاروں کی اداکاری کو بےحد پسند کیا گیا۔

فلم کی ہدایات امیش شکلا نے دی تھی جس نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا۔

ملک

2018 میں سامنے آئی فلم ’ملک‘ میں رشی کپور نے ایک مسلم گھرانے سے تعلق رکھنے والے شخص کا کردار نبھایا جن پر غلط الزامات لگا کر انہیں دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم رشی کے کردار نے انہیں غلط ثابت کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔

فلم میں رشی کپور کی اداکاری کو سب سے زیادہ سراہا گیا جبکہ تاپسی پنو نے بھی بہترین کام کیا۔

کورٹ روم ڈراما پر مبنی یہ فلم بھی رشی کپور کے کیریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

عثمان ارشد ملک سڈنی May 01, 2020 12:11pm
A v good actor, A confident fellow, A stylish guy, A unique attractive personality, A smiling attitude. That’s called Rishi Kapoor