• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا سے صحتیاب

شائع May 13, 2020
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر — فائل فوٹو / ٹوئٹر
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر — فائل فوٹو / ٹوئٹر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے اور ان کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔

خیال رہے کہ اسد قیصر اور ان کے دو بچوں میں 30 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے 2 بچے کورونا وائرس کا شکار

تاہم اب انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی صحتیابی کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحمداللہ، میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے اور میرے بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بچوں کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے والے افراد کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس سے قبل بھی ایک ٹوئٹ میں اپنی طبیعت میں بہتری اور ہسپتال سے گھر منتقلی کی تصدیق کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'اللہ پاک کے فضل و کرم اور خصوصی دعاؤں سے میں ہسپتال سے گھر منتقل ہو چکا ہوں، پوری قوم کی نیک تمناؤں پر شکر گزار ہوں، پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں اور انشااللہ جلد مکمل صحت یاب ہو جاؤں گا'۔

یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی میں گزشتہ ماہ 30 اپریل کو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں تھے جبکہ چند دن قبل انہیں علاج کے لیے ہسپتال میں بھی داخل کرایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا

وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی تھی۔

عمران اسمٰعیل بھی شفایاب ہوگئے

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عمران اسمٰعیل نے کہا کہ 'مجھے میرے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مل گئی ہے جس میں نتیجہ منفی آیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری صحت کے لیے دعا کی، میں جلد خون کا پلازمہ عطیہ کروں گا تاکہ وہ کسی ضرورت مند کے کام آسکے۔'

عمران اسمٰعیل میں 27 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس کا شکار

اپنی ٹوئٹ میں عمران اسمٰعیل نے کہا تھا کہ 'مجھ میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، لیکن اللہ کرم کرنے والا ہے اور میں اس کا مقابلہ کروں گا۔'

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان نے ہمیں مشکلات سے لڑنا سکھایا ہے اور میرے خیال میں یہ اس سے بلکل مختلف نہیں ہے جو ہم نے سیکھا ہے۔'

8 مئی کو ان کا کورونا وائرس کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔

واضح رہے کہ ان دونوں سیاسی رہنماؤں کے علاوہ چاروں صوبوں میں متعدد اہم سیاسی و سماجی شخصیات میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور آئسولیشن میں رہنے کے دوران وہ وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کے دو اراکین اور متعدد ملازمین کورونا وائرس کا شکار

گزشتہ ماہ کے آخر میں ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

علاوہ ازیں وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

مارچ کے مہینے میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کا کورونا کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا

رواں ماہ 7 مئی کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی اور وہ اس وقت قرنطینہ میں ہیں۔

چند دن قبل ہی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے جبکہ اس کے بعد گورنر ہاؤس کے متعدد ملازمین کے بھی وائرس کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

آج رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024