• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

اداکار سین پین کی خود سے نصف عمر لڑکی سے تیسری شادی

شائع August 9, 2020
سین پین اور لیلا جارج نے 30 جولائی کو سادگی سے شادی کی—فائل فوٹو: اے اپف پی
سین پین اور لیلا جارج نے 30 جولائی کو سادگی سے شادی کی—فائل فوٹو: اے اپف پی

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر سین جسٹن پین المعروف سین پین نے 59 سال کی عمر میں 28 سالہ ابھرتی ہوئی ماڈل سے تیسری شادی کرلی۔

جسٹن سین آئندہ ہفتے 60 سال کے ہوجائیں گے جب کہ ان کی اہلیہ آسٹریلوی نژاد امریکی ماڈل و اداکارہ لیلا جارج آئندہ سال اپنی 29 ویں سالگرہ منائیں گی۔

جسٹن سین نے پہلی شادی فروری 1985 میں گلوکارہ میڈونا سے کی تھی، اس وقت اداکار محض 25 برس کے تھے۔

جسٹن پین کے میڈونا سے شادی سے قبل ہی 2 اداکاراؤں سے تعلقات تھے اور خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ ان میں سے کسی ایک سے شادی کریں گے مگر انہوں نے میڈونا سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

میڈونا سے ان کی شادی محض 4 سال تک ہی برقرار رہی، جس کے بعد اداکار کے تعلقات اداکارہ رابن رائٹ سے ہوئے اور ان کے ہاں شادی سے قبل ہی 1991 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سین پین اور میڈونا کی جوڑی

جوڑے کے ہاں 1993 میں ایک اور بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد ان کے درمیان تلخیاں پیدا ہوئیں اور وہ الگ ہوگئے۔

سین پین نے پہلی شادی میڈونا سے کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
سین پین نے پہلی شادی میڈونا سے کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

تاہم چند سال بعد دونوں میں دوبارہ تعلقات استوار ہوئے اور دونوں نے 1996 میں شادی کرلی اور تقریبا ان کی شادی ایک دہائی سے زیادہ عرصہ چلنے کے بعد دونوں میں 2009 میں طلاق ہوگئی۔

دوسری شادی کے طلاق پر اختتام کے بعد بھی سین پین کے دیگر اداکاراؤں سے تعلقات رہے اور ان کے زیادہ تر خود سے کم عمر اداکاراؤں سے تعلقات رہے۔

سین پین کے 44 سالہ اداکارہ شارلیز تھیرن سے بھی چند سال تک تعلقات رہے، دونوں کے درمیان 2013 میں تعلقات استوار ہوئے دونوں 2016 کے آغاز میں الگ ہوگئے۔

دونوں کے درمیان 2014 میں منگنی کی خبریں بھی وائرل ہوئیں تاہم رواں برس جون میں شارلیز تھیرن نے ایک انٹرویو کے دوران واضح کیا تھا کہ ان کی اور سین پین کی منگنی نہیں ہوئی تھی۔

شارلیز تھیرن بھی سین پین سے 15 برس کم عمر تھیں۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ سین پین نے خود سے نصف سے بھی کم عمر اداکارہ سے سادگی سے شادی کرلی۔

معروف پیپلز میگزین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سین پین اور آسٹریلوی نژاد امریکی اداکارہ لیلا جارج نے گزشتہ ماہ 30 جولائی کو سادگی سے شادی کی تھی۔

سین پین نے دوسری شادی رابن رائٹ سے 1996 میں کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
سین پین نے دوسری شادی رابن رائٹ سے 1996 میں کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

رپورٹ کے مطابق دونوں کی شادی میں قریبی رشتہ داروں اور انتہائی خاص دوستوں نے شرکت کی اور تقریبات کو بھی محدود اور سادہ رکھا گیا تھا۔

سین پین نے اپنی شادی کی تصدیق ایک ٹاک شو میں بھی کی، جس میں انہوں نے شادی کی انگوٹھی بھی دکھائی۔

مزید پڑھیں: سین پین سے منگنی نہیں کی تھی، شارلیز تھیرن

سین پین اور آسٹریلوی نژاد نوجوان اداکارہ کے درمیان گزشتہ 2 سال سے تعلقات تھے اور ان کے رشتے میں کورونا کی وبا کے لاک ڈاؤن کے دوران مضبوطی ہوئی، جس کے بعد دونوں نے شادی کرلی۔

سین پین نے 1974 میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ 60 کے قریب فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

سین پین کو سندھ آمد پر اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا تھا—فائل فوٹو: یو ایس جی سی کراچی فیس بک
سین پین کو سندھ آمد پر اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا تھا—فائل فوٹو: یو ایس جی سی کراچی فیس بک

شاندار اداکاری کی بدولت انہوں نے 2 آسکر ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں، جب کہ انہیں دیگر کئی ایوارڈز بھی دیے جا چکےہیں۔

سین پین کو ان کے فلاحی کاموں، انسانی حقوق اور مخنث افراد کے حقوق کا رہنما تصور کیا جاتا ہے۔

سین پین نے پاکستان میں اس وقت شہرت حاصل کی تھی جب وہ 2012 میں ملک میں آنے والے سیلاب کے دوران دورے پر آئے تھے۔

سین پین نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر بھی حاضری بھری تھی—فائل فوٹو: یو ایس جی سی کراچی فیس بک
سین پین نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر بھی حاضری بھری تھی—فائل فوٹو: یو ایس جی سی کراچی فیس بک

سین پین نے مارچ 2012 میں صوبہ سندھ کا دورہ کیا تھا، انہوں نے دارالحکومت سمیت سیلاب سے متاثر بدین اور اس کے گرد و نواح کا دورہ بھی کیا تھا۔

سین پین نے ایدھی سینٹر کے دورے سمیت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر بھی حاضری دی تھی جب کہ انہوں نے بدین کے دیہات میں تعمیراتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا تھا۔

ہولی وڈ اداکار کو سندھ آمد پر سیاسی و حکومتی شخصیات نے اجرک کے ثقافتی تحفے سمیت دیگر تحائف بھی پیش کیے تھے۔

سین پین نے ایدھی ہاؤس کا دورہ بھی کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی پی
سین پین نے ایدھی ہاؤس کا دورہ بھی کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی پی

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024