• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

ہواوے کے پرانے فونز کو سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان

شائع August 20, 2020
— رائٹرز فوٹو
— رائٹرز فوٹو

گزشتہ ہفتے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ہواوے کے لیے امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے عارضی لائسنس کی مدت ختم ہوگئی ہے، جس کے بعد مئی 2019 سے پہلے کے فونز کے لیے گوگل ایپس اپ ڈیٹس رکنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ مئی 2019 کو امریکا نے ہواوے اور اس کی ذیلی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے مقامی اداروں کو ٹیکنالوجی فراہم کرنے سے روک دیا تھا۔

تاہم مئی 2019 سے ہواوے اور اس کے امریکی شراکت داروں کے لیے عارضی لائسنس جاری کیے جارہے تھے تاکہ وہ اپنے کام کو جاری رکھ سکیں۔

ان عارضی لائسنس کی مدت میں متعدد بار اضافہ کیا گیا مگر 13 اگست سے لائسنس کی مدت ختم ہوچکی ہے اور اس میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا۔

16 مئی 2019 سے قبل تیار ہونے والے ہواوے اسمارٹ فونز کو گوگل کی جانب سے سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور گوگل ایپس کی عام اپ ڈیٹس کی فراہمی میں عارضی لائسنس سے مدد لی جارہی تھی۔

اب پرانے ہواوے فونز کے لیے سیکیورٹی اور گوگل ایپس کی اپ ڈیٹس رکنے کی اطلاعات پر کمپنی نے بیان جاری کیا ہے۔

ہواوے نے تصدیق کی ہے کہ اس ماہ گوگل لائسنس کی مدت ختم ہونے کے باوجود مئی 2019 سے پہلے کے فونز کو سیکیورٹی اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کمپنی نے بتایا 'ہم سیکیورٹی اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس فونز کے لیے ہمیشہ کی طرح فراہم کرتے رہیں گے'۔

امریکا کی جانب سے ہواوے پر پابندی کے لیے قومی سیکیورٹی کے خدشات کا جواز بنایا تھا جبکہ چینی کمپنی کی جانب سے ان الزامات کی ہمیشہ تردید کی۔

تاہم مئی 2019 کے بعد سے ہواوے فونز گوگل سروسز اور ایپس سے محروم ہیں جبکہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم تو استعمال ہورہا ہے مگر وہ اوپن سورس ہونے کی وجہ سے کمپنی کو دستیاب ہے۔

گوگل سروسز سے محرومی کے بعد ہواوے اور آنر فونز میں ہواوے موبائل سروسز کو متعارف کرایا گیا جن کے ذریعے نئی ڈیوائس کو سافٹ ویئر اپ ڈیٹس فراہم کی جارہی ہیں۔

ہواوے نے اس حوالے سے رواں ہفتے ایک بیان میں بتایا 'ہمارے صارفن کو سافٹ ویئر اپ ڈیٹس اور سروسز کی فراہمی جاری رہے گی، جو اوپن سورس کمینٹی کی مضبوطی اور ہمارے جدید ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔ ایسے فونز جن میں گوگل پلے اسٹور پہلے سے انسٹال ہے اور تمام گوگل ایپس موجود ہیں، ان کے لیے بھی اپ ڈیٹس کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ ایسے فونز جن میں گوگل پلے اسٹور نہیں، ان میں نئی ایپس اور اپ ڈیٹس ہواوے ایپ گیلری کے ذریعے فراہم کی جائیں گی'۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024