• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ماہرہ خان اور ثانیہ نشتر دنیا کی 100 متاثر کن خواتین میں شامل

شائع November 24, 2020
دنیا کی 100 بااثر کواتین کی فہرست ہر سال جاری کی جاتی ہے—فوٹو: بی بی سی
دنیا کی 100 بااثر کواتین کی فہرست ہر سال جاری کی جاتی ہے—فوٹو: بی بی سی

معروف برطانوی نشریاتی ادارے برٹش براڈ کاسٹنگ ’بی بی سی‘ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا بھر کی 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کردی، جس میں 2 پاکستانی خواتین بھی شامل ہیں۔

فہرست میں شامل خواتین کا انتخابات مختلف شعبہ جات سے کیا گیا ہے، رواں برس علم، تخلیقی صلاحیت، شناخت اور قیادت جیسی 4 اہم کیٹیگریز میں خواتین کو تقسیم کیا گیا ہے۔

100 بااثر خواتین کی فہرست میں یورپی ملک فن لینڈ کی نوجوان ترین خاتون وزیر اعظم سے لے کر بنگلہ دیش کی سابق جسم فروش اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان سے لے کر بھارت کی عمر رسیدہ رہنما بلقیس بانو جیسی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔

ماہرہ خان کو تخلیقی صلاحیت کے شعبے میں شامل کیا گیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
ماہرہ خان کو تخلیقی صلاحیت کے شعبے میں شامل کیا گیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

مذکورہ فہرست کا مقصد دنیا کے مختلف ممالک میں سماجی تبدیلی، خواتین کے تحفظ اور آئیڈیل معاشرے کے لیے کوششیں کرنے والی خواتین کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

بی بی سی ہر سال مذکورہ فہرست جاری کرتا ہے، گزشتہ سال اس فہرست میں پاکستان کی صرف ایک ہی خاتون بلوچستان کی انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل جلیلہ حیدر کو شامل کیا گیا تھا۔

اس سال دنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں پاکستانی اداکارہ و اقوام متحدہ (یو این) کی سفیر برائے خیر سگالی ماہرہ خان اور پاکستان سے غربت کے خاتمے کے حکومتی پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو شامل کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو علم کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو علم کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

فہرست میں جہاں پاکستان سے صرف دو خواتین کو شامل کیا گیا ہے، وہیں بھارت سے 4 خواتین کو شامل کیا گیا ہے، جن میں ایک عمر رسیدہ مسلمان خاتون بلقیس بانو بھی ہیں، جنہیں احتجاجی رہنما کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

اسی طرح بھارت سے ایک موسیقار، ایک ایتھلیٹ اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والی کارکن کو بھی فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کی سماجی کارکن جلیلہ حیدر دنیا کی 100 متاثر کن خواتین میں شامل

ہر سال کی طرح اس سال بھی فہرست میں امریکا اور برطانیہ سے زیادہ خواتین کومنتخب کیا گیا ہے، جب کہ بنگلہ دیش سے بھی اس سال 2 خواتین کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

فہرست میں بنگلہ دیش کی سابق سیکس ورکر رینا اختر کو بھی شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے کورونا کی وبا کے دوران جسم فروش خواتین کے 400 خاندانوں کو راشن اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کیں۔

اسی طرح بنگلہ دیش سے ایک استانی کو بھی فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے، افغانستان اور ایران سے بھی دو دو خواتین کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

فہرست میں مشرق وسطیٰ ممالک شام، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) مصر اور مراکش سے بھی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔

تاہم سعودی عرب، قطر، کویت اور بحرین جیسے ممالک کی کوئی خاتون فہرست میں شامل نہیں کی گئی۔

فہرست میں یورپی ملک فنڈ لینڈ کی نوجوان ترین خاتون وزیر اعظم سانا مارین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فہرست میں فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین کو بھی شامل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
فہرست میں فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین کو بھی شامل کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024