• KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:05am Sunrise 6:29am
  • ISB: Fajr 5:12am Sunrise 6:38am
  • KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:05am Sunrise 6:29am
  • ISB: Fajr 5:12am Sunrise 6:38am

سال 2020 کے اختتام تک پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 4 لاکھ 82 ہزار 178 ہوگئی

شائع January 1, 2021
ملک میں نئے سال کے پہلے روز فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 773 ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں نئے سال کے پہلے روز فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 773 ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں نئے سال کی آمد کے موقع پر اس اُمید کا اظہار کیا جارہا ہے کہ گزشتہ برس کورونا وائرس عالمی وبا کے باعث انسانیت کو جو مشکلات پیش آئیں وہ دوبارہ درپیش نہ ہوں تاہم کئی مقامات پر نئے سال کا جشن بھی اس وبا کی باعث ماند رہا۔

پاکستان میں بھی اس اُمید کا اظہار کیا جارہا ہے کہ اس وبا کا خاتمہ جلد ہوگا، البتہ سال 2020 کے اختتام تک ملک میں یہ متعدی وائرس مجموعی طور پر 4 لاکھ 82 ہزار 178 افراد کو مصدقہ طور پر متاثر کرچکا ہے جن میں سے 4 لاکھ 37 ہزار 229 صحتیاب ہوئے جبکہ 10 ہزار 176 لقمہ اجل بن گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 41 ہزار 39 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 2 ہزار 463 افراد میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی اور مزید 71 مریض انتقال کر گئے۔

ان کے علاوہ مزید 2 ہزار 156مریض اس وائرس سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 773 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج یکم جنوری 2021 کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 12 سو 54 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار 679 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 27 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 560 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 659 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 608 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 29 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 42 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 321 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 58 ہزار 701 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 11 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 649 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 168 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 183 برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 186 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 888 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 419 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 21 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 277 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 22 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 847 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 156 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد4 لاکھ 37 ہزار 229 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 482178

صحتیاب: 437229

اموات: 10176

فعال کیسز: 34773

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار 679 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 608 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 58 ہزار 701 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 168 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 37 ہزار 888، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 277 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 857 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3560

پنجاب: 4042

خیبرپختونخوا: 1649

بلوچستان: 183

اسلام آباد: 419

آزاد کشمیر: 222

گلگت بلتستان: 101

کارٹون

کارٹون : 13 نومبر 2024
کارٹون : 12 نومبر 2024