• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

2021 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری

شائع January 6, 2021 اپ ڈیٹ January 7, 2021
— فوٹو بشکریہ پاسپورٹ انڈیکس
— فوٹو بشکریہ پاسپورٹ انڈیکس

کسی ایئرپورٹ پر پاسپورٹ دکھا کر کسی پرواز پر سفر کرنے کے دن اب ماضی کا قصہ بنتے جارہے ہیں۔

کووڈ 19 کی وبا کے نتیجے میں فضائی سفر کا منظرنامہ کئی برسوں کے لیے بدلنے کا امکان ہے۔

دنیا بھر میں متعدد ممالک میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگائے جارہے ہیں اور جب پابندیاں ہٹائی جائیں گی تو امکان یہی ہے کہ فضائی سفر سے قبل ویکسین کا استعمال لازمی قرار دیا جائے گا۔

تاہم ہر سال کی طرح ہینلے انڈیکس نے 2021 کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کی ہے۔

کیا آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ کس ملک کا ہے؟ اگر آپ کا جواب امریکا، برطانیہ یا کوئی اور مغربی ملک ہے تو یہ بالکل غلط ہے۔

درحقیقت دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ جاپانی شہریوں کے پاس ہے۔

جاپان کے شہری 191 ملکوں میں بغیر ویزا سفر یا ایئرپورٹ پہنچتے ہی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کے بعد سنگاپور دوسرے نمبر پر ہے جس کے شہریوں کو 190 ممالک میں یہ سہولت حاصل ہوتی ہے جبکہ جنوبی کورین پاسپورٹ 189 ممالک کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ویزا فری یا کسی جگہ پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے والے پاسہورٹ کی اس فہرست میں اٹلی، فن لینڈ، اسپین اور لگسمبرگ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جن کے شہریوں کو 188 ممالک میں یہ سہولت دستیاب ہے۔

187 ممالک کے ساتھ ڈنمارک اور آسٹریا کے پاسپورٹس 5 ویں نمبر پر رہے، جبکہ سوئیڈن، فرانس، پرتگال، نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کے پاسپورٹس کے حامل افراد 186 ملکوں میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

185 ممالک میں یہ سہولت حاصل کرنے والے پاسپورٹس سوئٹزرلینڈ، امریکا، برطانیہ، ناروے، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ کے شہریوں کے پاس ہیں، جبکہ یونان، مالٹا، چیک ریپبلک اور آسٹریلیا کے پاسپورٹس اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر رہے۔

کینیڈین پاسپورٹ 183 ممالک کے ساتھ 9 ویں جبکہ ہنگری کا پاسپورٹ اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر موجود ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران سب سے زیادہ ترقی متحدہ عرب امارات نے کی ہے جو 2006 میں اس فہرست میں 62ویں نمبر پر موجود تھا لیکن اب اس کا 16 واں نمبر پر ہے۔

اس کے برعکس جن ملکوں کے شہریوں کو سب سے کم ملکوں میں مفت ویزا یا ایئرپورٹ پر ہی ویزا کی سہولت میسر ہے ان میں پہلے اور دوسرے نمبر پر افغانستان اور عراق کے شہری شامل ہیں، جن کو صرف بالترتیب 26 اور 28 ملکوں میں یہ سہولت حاصل ہے، جبکہ شام کے پاسپورٹ کے حامل افراد صرف 29 ملکوں میں اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

چوتھے نمبر پر پاکستان کھڑا ہے جس کے پاسپورٹ پر 32 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت ملتی ہے جبکہ صومالیہ اور یمن کے پاسپورٹس کے حصے میں مشترکہ طور پر 5 واں نمبر آیا۔

فلسطین کا پاسپورٹ چھٹے، لیبیا اور نیپال کے پاسپورٹ مشترکہ طور پر 7 ویں جبکہ شمالی کورین پاسپورٹ 8 واں نمبر پر رہا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024