• KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm
  • KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے تقریباً 5 لاکھ مریض صحتیاب

شائع January 31, 2021
ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جارہی ہے جبکہ یومیہ کیسز اور اموات رپورٹ ہورہی ہیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ مریضوں کی ایک بڑی تعداد صحتیاب بھی ہوچکی ہے۔

کورونا کے اعداد و شمار کے حوالے سے قائم سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 599 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 34 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

یوں ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 44 ہزار 813 ہوگئی جبکہ اموات 11 ہزار 657 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 822 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 4 لاکھ 99 ہزار 974 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہزار 182 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

2020 کے آخری مہینے دسمبر میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری کے دوران اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی تاہم اس کے یومیہ کیسز اب بھی ہزار سے زائد ہیں جبکہ اموات بھی درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہیں۔

اگر آج 31 جنوری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 774 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 437 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 6 مریضوں کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 992 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 425 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 353 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 20 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 736 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 274 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 66 ہزار 953 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 897 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 815 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 195 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 104 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 359 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 475 پر برقرار ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 16 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 988 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد 260 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 908 پر برقرار ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 822 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 99 ہزار 974 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 544813

صحتیاب: 499974

اموات: 11657

فعال کیسز: 33182

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 437 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 353 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 66 ہزار 953 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 815 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41 ہزار 359 ، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 988 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 908 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3992

پنجاب: 4736

خیبرپختونخوا: 1897

بلوچستان: 195

اسلام آباد: 475

آزاد کشمیر: 260

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024