• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

حکومت کا مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان

شائع March 24, 2021
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ملک کے مخصوص اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھنے اعلان کیا ہے، جس کے بعد صوبائی وزرائے تعلیم برائے پنجاب و خیبر پختونخوا نے ان اضلاع کے نام بتادیے ہیں کہ جہاں اسکولز بند رہیں گے۔

اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم کے علاوہ اعلیٰ ثانوی تعلیم کمیشن اور تعلیمی اداروں کے سربراہان شریک ہوئے اور ملک میں تعلیم اور بیماری کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ پنجاب کے چند اضلاع بالخصوص لاہور میں بیماری کا پھیلاؤ خاصہ تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک کے 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں 15 تا 28 مارچ تعطیلات کا اعلان

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بھی بہت زیادہ مسائل ہیں جبکہ یہی صورتحال آزاد کشمیر کے بھی چند اضلاع میں ہے تاہم سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بیماری کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل این سی او سی میں مخصوص اضلاع میں 15 مارچ سے 28 مارچ تک اسکولوں سمیت ہر قسم کے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تاہم آج ہونے والے اجلاس میں ان تمام چیزوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھے جائیں گے اور اس میں ان مخصوص اضلاع کے علاوہ دیگر علاقوں کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کن اضلاع اور کن شہروں میں تعلیمی ادارے بند کیے جائیں اس کا فیصلہ صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومت خود کریں گی۔

مزید پڑھیں: کے پی حکومت کا متعدد اضلاع میں 28 مارچ تک اسکول بند رکھنے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ پہلے پنجاب کے 9 اضلاع کے تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے پھر ایک اور ضلع کو بھی شامل کیا گیا اسی طرح ہم نے صرف پشاور کے تعلیمی ادارے بند کیے تھے لیکن وہاں مزید 8 اضلاع کو بھی شامل کرلیا گیا تو کس ضلع کو شامل کرنا ہے کسے نہیں اس بات کا فیصلہ بیماری کی شدت دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 11 اپریل تک کی بندش کے دوران اسکول انتظامیہ اگر اساتذہ کو اسکولز بلانا چاہیں تو انہیں اس کی اجازت ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ ہم بیماری کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے اور ہمیں اس بات کا مکمل ادراک ہے کہ اسکول بند کرنے سے بچوں کی تعلیم کا نقصان ہوتا ہے لیکن صحت ہماری اولین ترجیح ہے اس پر خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

نویں سے 12 جماعت تک کے امتحانات وقت شیڈول کے مطابق ہوں گے

امتحانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ اس حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی جس کے نیتجے میں متفقہ رائے یہ تھی کہ 9ویں سے 12 جماعت تک کے تعلیمی بورڈز کے امتحانات وہ اپنے ٹائم ٹیبل کے مطابق مئی، جون میں ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات ضرور ہوں گے کیوں کہ گزشتہ برس ان جماعتوں کے طلبہ کو ترقی دے دی گئی تھی لیکن بیس لائن اب ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز ایک بار پھر بڑھ رہے ہیں، ڈاکٹر فیصل سلطان

ساتھ ہی انہوں بتایا کہ کیمبرج تعلیمی نظام کے حوالے سے ایک اجلاس کریں گے جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کیا ان کے امتحانات کو توسیع دی جاسکتی ہے یا نہیں اس لیے میں اس حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہنا چاہتا۔

شفقت محمود نے کہا کہ 11 اپریل کے بعد صورتحال بہتر ہوئی تو صوبائی حکومتیں مختلف دنوں میں مختلف جماعتوں کو بلا کر تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شکایت آئی ہے کہ کچھ اکیڈمیز کھلی رہتی ہے تاہم اس پر مکمل پابندی عائد ہوگی اور اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعلیمی ادارہ کھولے گا تو اسے سیل کردیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 7 اپریل کو این سی او سی میں وزرائے تعلیم و صحت کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر اس سے قبل کوئی پیش رفت سامنے آئی تو میں آپ کو مطلع کردوں گا۔

پنجاب کے 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے مخصوص اضلاع کے تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کے اعلان کے بعد وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے ان اضلاع کے ناموں کا اعلان کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ اس اضلاع کے سوا دیگر اضلاع کے تعلیمی ادارے پرانے معمول کے مطابق ہی کھلیں گے۔

خیبرپختونخوا کے 10 اضلاع میں تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان

دوسری جانب این سی او سی کے فیصلے کے مطابق وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام خان ترکئی نے بھی ان اضلاع کے ناموں کا اعلان کردیا جہاں اسکولز بند رکھے جائیں گے۔

ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، مالاکنڈ، سوات، لوئر دیر، نوشہرہ اور بونیر میں تمام تعلیمی ادارے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 7 روز سے ملک میں 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جس میں سب سے زیادہ متاثر صوبہ پنجاب اور اس کے بعد خیبرپختونخوا ہے ۔

پنجاب کے متعدد شہروں میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی غرض سے 2 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا تھا ۔

قبل ازیں این سی او سی نے مزید پابندیاں عائد کردی تھیں جو 11 اپریل تک نافذ رہیں گی، این سی او سی نے اپنے اجلاس میں ملک کے ان 10 شہروں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا تھا جہاں مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے زائد ہے، اور وہاں ہنگامی صورتحال کے سوا نقل و حرکت کی اجازت نہیں۔

ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، بہاولپور، حیدرآباد، پشاور، سوات اور مظفرآباد شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024