• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

ریشم، فصیح باری خان کے ڈائریکٹوریل ڈیبیو میں اداکاری کریں گی

شائع September 18, 2021 اپ ڈیٹ September 19, 2021
اس مختصر فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا—فوٹو:انسٹاگرام
اس مختصر فلم کو یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا—فوٹو:انسٹاگرام

معروف اداکارہ ریشم جلد ہی اداکار و ماڈل عبداللہ اعجاز خان کے نئی آنے والی مختصر فلم ‘دفعہ ہوجاؤ تم’ میں نظر آئیں گی۔

یہ شارٹ فلم لکھاری فصیح باری خان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہے۔

خیال رہے کہ فصیح باری خان نے بطور اسکرین رائٹر اپنے کیریئر کے دوران مختلف ٹیلی ویژن ڈرامے اور فلمیں لکھی ہیں اور وہ بولڈ اور حساس موضوعات پر لکھنے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

انہوں نے اپنے کام میں روزمرہ کے کرداروں کی تصویر کشی کی ہے جو حقیقت پسندانہ، واضح اور منفرد ہوتے ہیں اور سنگین سماجی مسائل پر مبنی ہوتے ہیں۔

ان کے مصنف کے نمایاں ڈراموں میں ‘قدوسی صاحب کی بیوہ ، فالتو لڑکی’ جبکہ فلموں میں’ 7 دن محبت ان’ شامل ہیں ، جس میں ماہرہ خان اور شہریار منور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

‘دفعہ ہوجاؤ تم’ ایک مختصر فلم ہے جس کی ہدایات فصیح باری خان دے رہے ہیں اور اسے یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا۔

ڈان امیجز سے گفتگو کرتے ہوئے فصیح باری خان نے اپنے پروجیکٹ کے بارے میں مزید تفصیلات بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مختصر دورانیے کی فلم ہے اور فائزہ حسن میرے ساتھ ہمارے یوٹیوب چینل کے پروجیکٹ پر کام کر رہی ہیں۔

فصیح باری خان کا کہنا تھا کہ ‘جب میں نے یہ شارٹ فلم لکھی تو میں نے اس کا ذکر ریشم سے کیا جو کہ میری ایک بہت اچھی دوست ہے اور وہ اسے کرنے پر راضی ہوگئی’۔

انہوں نے کہا کہ پھر میں نے اس پروجیکٹ کے لیے عبداللہ اعجاز کو لیا اور اس پروجیکٹ کے لیے ریشم کے ساتھ بہت اچھا تجربہ رہا ہے۔

فصیح باری خان نے نشاندہی کی کہ اپنے پراجیکٹس کو یوٹیوب پر ریلیز کرنے سے وہ ٹیلی ویژن کی نسبت زیادہ تخلیقی آزادی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے محسوس کیا کہ جس قسم کا مواد میں ٹیلی ویژن کے لیے نہیں بنا سکتا یوٹیوب پر رکھ سکتا ہوں’۔

فصیح باری خان کا کہنا تھا کہ یوٹیوب پر میری مختصر دورانیے کی ایک فلم آنے والی ہے اس کا نام گلزار ہے اور جنسیت کے موضوع کے بارے میں ہے۔

انہوں نےکہا کہ ٹیلی ویژن کے لیے اس قسم کا مواد بنانا اب مشکل ہے، آپ ٹی وی پر مواد کی صورتحال دیکھ سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے زور دیا کہ ‘یوٹیوب واقعی ہماری اندرونی اطمینان کو پورا کرنے میں ہماری مدد کرتا ہے’۔

فصیح باری خان کو سنسر شپ کا سامنا رہا ہے، ان کے تحریرکردہ میڈم شبانہ اور بے بی رضوانہ پر پیمرا نے پابندی عائد کر دی تھی۔

ان کے پچھلے کئی اسکرپٹس میں سے کئی کی ہدایات مظہر معین نے دی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024