• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

جانسن اینڈ جانسن کووڈ 19 ویکسین کی دوسری خوراک بیماری کے خلاف بہت زیادہ مؤثر

شائع September 21, 2021
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

جانسن اینڈ جانسن نے اعلان کیا ہے کہ اس کی کووڈ 19 ویکسین بیماری کی معتدل سے سنگین شدت سے بچاؤ کے لیے بہت زیادہ مؤثر ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں اپنی تحقیقی رپورٹس کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا۔

بیان کے مطابق امریکا میں تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ویکسین کی دوسری خوراک سے کووڈ 19 کی معتدل سے زیادہ شدت کے حوالے سے 94 فیصد سے تحفظ ملا۔

اسی طرح عالمی سطح پر اضافی خوراک سے ملنے والے تحفظ کی شرح 74 فیصد تہیں۔

کمپنی کے مطابق دوسری خوراک کے استعمال کے 14 دن بعد لوگوں کو کووڈ 19 کی سنگین شدت کے خلاف 100 فیصد تحفظ ملا۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ ویکسین کی دوسری خوراک ٹرائل میں شامل رضاکاروں کو پہلی خوراک کے 2 ماہ بعد دی گئی تھی۔

ویکسین کی افادیت کے یہ اعدادوشمار 30 ہزار افراد پر ہونے والی ایک تحقیق کے ڈیٹا سے حاصل ہوئے جن کو ویکسین کی دوسری خوراک 56 دن کے وقفے کے دوران دی گئی تھی۔

کمپنی نے بتایا کہ ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرنے والے 14 افراد میں کووڈ 19 کی معتدل سے زیادہ شدت کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ پلیسبو استعمال کرنے والے 52 افراد کو بیماری کا سامنا ہوا۔

کسی مریض کو سنگین پیچیدگیوں کا سامنا نہیں ہوا۔

اس ڈیٹا کو ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں کیا گیا اور نہ ہی طبی ماہرین نے اس کی جانچ پڑتال کی ہے۔

امریکا میں جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک استعمال کرنے کی منظوری دی گئی ہے اور دوسری خوراک کی اجازت نہیں۔

حال ہی میں سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کی ایک تحقیق میں 5 ماہ کے عرصے کے دوران موڈرنا، فائزر/بائیو این ٹیک اور جانسن اینڈ جانسن ویکسینز کی افادیت کا موازنہ کیا گیا تھا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ موڈرنا ویکسین کے استعمال سے ہسپتال میں داخلے کا خطرہ 93 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

فائزر ویکسین میں یہ شرح 88 فیصد اور جانسن اینڈ جانسن ویکسین میں 71 فیصد دریافت کی گئی۔

اگست 2021 میں کمپنی کی جانب سے 6 ماہ بعد ویکسین کی اضافی خوراک کے حوالے سے ایک تحقیق کے نتائج جاری کیے گئے تھے۔

تحقیق میں جانسن اینڈ جانسن ویکسین استعمال کرنے والے افراد کو 6 ماہ بعد اضافی خوراک دی گئی تو ان میں وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی سطح پہلی خوراک کے 28 دنوں کی سطح کے مقابلے میں 9 گنا زیادہ بڑھ گئی۔

ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ اضافی خوراک کو بوسٹر کے طور پر اس وقت استعمال کیا جاسکتا ہے جب ویکسین کی افادیت کم ہونے لگے۔

جانسن اینڈ جانسن کے لیے ویکسین تیار کرنے والی اس کی ذیلی کمپنی جینسین کے گلوبل ہیڈ میتھائی مامین نے بتایا کہ ہماری ایک خوراک والی ویکسین بیماری کے خلاف ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا کرتی ہے جس کا تسلسل کم از کم 8 ماہ تک برقرار رہتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024