• KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:49pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:04pm
  • KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:49pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:04pm

ملالہ یوسف زئی عصر ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک

شائع November 9, 2021 اپ ڈیٹ November 10, 2021
ملالہ یوسف زئی اور ان کے شوہر عصر ملک — فوٹو بشکریہ ملالہ یوسف زئی ٹوئٹر اکاؤنٹ
ملالہ یوسف زئی اور ان کے شوہر عصر ملک — فوٹو بشکریہ ملالہ یوسف زئی ٹوئٹر اکاؤنٹ

نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

9 نومبر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملالہ یوسف زئی نے عصر ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے کا اعلان کیا اور نکاح کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا 'آج کا دن میری زندگی کا ایک قیمتی دن ہے، عصر اور میں زندگی بھر کے ہمسفر بن گئے ہیں، ہماری برمنگھم میں نکاح کی چھوٹی تقریب ہوئی جس میں ہمارے خاندان شریک تھے، اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، ہم اپنے آگے کے سفر میں اکٹھے چلنے کے لیے پرجوش ہیں'۔

ملالہ یوسف زئی کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے جنرل منیجر ہیں۔

اس موقع پر ملالہ یوسف زئی نے گلابی رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا جبکہ عصر ملک نے تھری پیس سوٹ کا انتخاب کیا۔

ملالہ کے والد ضیا الدین یوسف زئی نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کی۔

انہوں نے لکھا 'جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں، ہم مسرت اور شکرگزاری کے جذبوں سے سرشار ہیں'۔

ملالہ یوسف زئی کی دوست نے بھی نکاح کی تقریب کی ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی۔

عصر ملک نے بھی اپنے انسٹا گرام پر ایک مختلف تصویر کو شیئر کیا۔

ملالہ یوسف زئی نے جون 2021 میں ووگ میگزین کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ بچے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

نوبیل انعام یافتہ کارکن کے مذکورہ بیان کے بعد ان پر شدید تنقید کی گئی اور ٹوئٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ پر بھی رہا۔

اس پر ملالہ کے والد ضیا الدین یوسف زئی نے کہا تھا کہ شادی سے متعلق ان کی بیٹی کے بیان کو انٹرویو کے سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024