• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

جانسن پولیس تحقیقات پر اثرانداز نہیں ہونا چاہتے اس لیے جوابات نہیں دیں گے، ڈومینک راب

شائع February 1, 2022
بورس جانسن نے پیر کو برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں تقریب کے انعقاد پر معافی مانگ لی تھی — فوٹو: اے ایف پی
بورس جانسن نے پیر کو برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں تقریب کے انعقاد پر معافی مانگ لی تھی — فوٹو: اے ایف پی

برطانیہ کے نائب وزیر اعظم ڈومینک راب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم بورس جانسن ڈاؤننگ اسٹریٹ میں لاک ڈاؤن پارٹیوں سے متعلق مخصوص سوالات کے جوابات نہیں دے سکتے کیونکہ وہ پولیس کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہونا چاہتے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق برطانوی پولیس 500 سے زائد اخبارات کے تراشوں اور 300 سے زیادہ تصاویر کا جائزہ لے رہی ہے جس کے ذریعے اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہونے والی تقریبات میں کووِڈ۔19 لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی یا نہیں۔

مزید پڑھیں: بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے دوران پارٹی کے انعقاد پر معافی مانگ لی

برطانیہ کے نائب وزیر اعظم ڈومینک راب نے ’اسکائی نیوز‘ کو بتایا کہ اگر بورس جانسن پولیس کو بھیجے گئے مخصوص سوالات کے جوابات دینا شروع کر دیتے ہیں تو ان پر تقیش میں مداخلت یا اس پر اثر انداز ہونے کا الزام لگایا جائے گا۔

بورس جانسن ابتدائی طور پر اس بات پر مصر رہے کہ انہوں نے کوئی قانون نہیں توڑا اور پھر کچھ تقریبات میں اپنی حاضری کے بارے میں تفصیلات بتانے سے مستقل انکاری رہے۔

البتہ بعد ازاں انہوں نے ایک تقریب میں اپنی موجودگی کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ یہ سمجھ رہے تھے کہ یہ تقریب کام کے حوالے سے ہوگی۔

پیر کو وہ بار بار ہی بتانے سے انکار کرتے رہے کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں واقع ان کے اپارٹمنٹ میں ہونے والی تقریب میں وہ موجود تھے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کے باوجود تقریب میں شرکت پر معافی مانگ لی

اپوزیشن جماعتیں نائب وزیراعظم کے بیانیے سے متفق نظر نہیں آتیں اور ان کا کہنا ہے کہ پولیس تحقیقات بورس جانسن کو خصوصاً پارلیمنٹ میں تفصیلات کے جواب دینے سے نہیں روک سکتیں۔

اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما کیر اسٹارمر نے کہا کہ اصل میں ہوا یہ ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ اس وقت مکمل رپورٹ شائع نہ کی جائے، لیکن یہ بات بالکل بکواس ہے کہ پولیس تحقیقات وزیر اعظم کو یہ کہنے سے روکتی ہیں کہ وہ اس دن کسی تقریب موجود تھے یا نہیں۔

یاد رہے کہ بورس جانسن نے پیر کو برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں ڈاؤننگ اسٹریٹ میں اپنی رہائش گاہ پر لاک ڈاؤن قوانین کے برخلاف تقریب کے انعقاد پر معافی مانگ لی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024