• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 4:00pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 4:04pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:34pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 4:00pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 4:04pm
شائع March 10, 2022

زندگی جہاں بھی ہو ایک تال کے ساتھ پنپتی اور چلتی ہے۔ یہ تال ہی ہے جو زندگی کو ایک رمز کے ساتھ چلاتی ہے۔ جب تک یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے زندگی اپنی ڈگر پر بڑے مزے سے چلتی رہتی ہے۔ یہ ایک سرسبز کھیت کی طرح خوبصورت بھی رہتی ہے اور حیات کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے حصے کی دین اس میں شامل کرتی رہتی ہے۔

مگر پھر جب کچھ اسباب کی وجہ سے اس تال میں رخنہ پڑنے لگے اور سُر اوپر نیچے ہونے لگیں تو یہ سلسلہ قائم نہیں رہتا۔ جب تک طاقتور حیات اس ٹوٹے ہوئے تال کو بحال نہ کردے تب تک ’بگڑنے‘ اور ’بحالی‘ کے بیچ والے عرصے میں حالت کوئی اچھی نہیں رہتی۔ آج کل انڈس ڈیلٹا کی زمینوں کی کیفیت بھی کچھ اس ٹوٹے ہوئے تال کی سی ہے۔

’۔۔۔دریائے سندھ کے مرکزی بہاؤ اور اس کی دوسری ندیوں میں کشتی پر سفر کرتے ہوئے آپ کو پرندوں کی میٹھی آوازیں سننے کو ملیں گی، کناروں پر دھان کی فصل ملے گی جہاں دھان پانی کے ساتھ بڑھتی جاتی ہے۔ کسی کسی علاقے میں تو یہ 4 فٹ تک بڑی ہوجاتی ہے۔ یہاں ٹھنڈے دنوں میں پرندوں کی اتنی بہتات ہوتی ہے کہ آپ ان کی تعداد کے لیے اندازہ بڑی مشکل سے کرسکتے ہیں، مچھلی کے شکار کی تو کیا بات ہے ایسا لگتا ہے کہ مچھلی پیدا ہی یہاں ہوتی ہے۔ یہاں کیکر اور لئی (Tamarisk) کے بڑے بڑے درختوں کے جنگل ہیں جو یقیناً ایک ڈیلٹا کی خوبصورتی کے زیور ہیں’۔

کچھ لمحوں کے لیے سوچیں کہ یہ انہونی ہوجائے اور 1827ء میں انڈس ڈیلٹا سے گزر کر حیدرآباد جانے والے جیمس برنس، جس نے ڈیلٹا کے خوبصورت مناظر کو اپنی تحریر میں بُنا ہے وہ ان راستوں سے گزرے جہاں سے وہ اندازاً 2 صدیاں پہلے گزرا تھا تو موجودہ زمینی حالت دیکھ کر یا تو اسے دل کا دورہ پڑے گا یا غش کھا کر گر پڑے گا۔

انڈس ڈیلٹا
انڈس ڈیلٹا

اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ساری حقیقتیں جن کی وجہ سے اس نے ڈیلٹا کو خوبصورت قرار دیا تھا ان میں سے اب وہاں کچھ بھی نہیں ہے۔ 16 ہزار مربع میل یعنی 41 ہزار 440 مربع کلومیٹر کے رقبے میں پھیلی ہوئی اس ڈیلٹائی پٹی کے منظرنامے سے یہ ساری خوبصورتیاں ایک ایک کرکے وقت کے بے قدر ہاتھوں نے نوچ لی ہیں۔

اس بربادی کو دیکھ کر، ایلس البینی نے اپنی مشہور کتاب ’ایمپائرز آف انڈس‘ میں ڈیلٹا کے اس درد کی بڑی حقیقت پسند عکاسی کی ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’1958ء میں کوٹری بیراج مکمل ہونے کے بعد کئی سو کلومیٹر پر پھیلا ہوا انڈس کا یہ زرخیز ڈیلٹائی بیلٹ 250 مربع کلومیٹر تک سکڑ گیا، میٹھے پانی کی کمی کی وجہ سے تمر کے جنگل اجڑ گئے، چاول دینے والی زمینیں سفید نمک میں بدل گئیں اور کاشت کاروں کے پاس مچھلی کے شکار کے سوا اور کوئی چارہ نہیں بچا۔ یہ سب سمندر میں میٹھے پانی کے نہ جانے سے ہوا‘۔

بربادی کی اس کہانی کی ابتدا 1830ء سے ہوئی۔ جب برطانوی سرمایہ داروں کی بنائی ہوئی ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستان میں اپنے قدم جما چکی تھی اور مقامی طاقتیں، چاہے وہ بادشاہ ہوں یا زمیندار خس و خاشاک کی طرح روند دیے گئے تھے۔ کمپنی نے آب پاشی کا نظام بنایا کہ، زمین زیادہ آباد ہو اور اس زمین میں اگنے والے خام مال سے وہ زیادہ سے زیادہ نفع کما سکیں۔ ہوسکتا ہے ان دنوں میں یہ ایک بہتر خیال ہو اور اس قدم کو قدر کی نگاہ سے بھی دیکھنا چاہیے، کیونکہ ایک نظام کے سوا کوئی بھی عمل زیادہ پائیداری کے ساتھ نہیں چل سکتا۔

پھر 1932ء میں، انگریز سرکار نے ’سکھر بیراج‘ کی تعمیر کی، یہ سمجھیں کہ، دریائے سندھ کی خوبصورت دیوانگی کو روکنے کی یہ پہلی کوشش تھی، پھر 1955ء میں ’کوٹری بیراج‘ بنا، 1967ء میں ’منگلا‘ اور پھر 1976ء میں ’تربیلا ڈیم‘ بنا، ان سارے منصوبوں کا اثر انڈس ڈیلٹا پر پڑنا تھا۔ یہ اثر ایسا پڑا کہ، وہ ساری خوبصورتیاں اور شاندار منظرنامے اس ساحلی پٹی سے دھیرے دھیرے معدوم ہوگئے۔

ان ڈیموں کے بننے کی وجہ سے کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج کم سے کم ہوتا گیا، اگر اس حوالے سے ہم ماضی کا ریکارڈ دیکھیں تو، ان ڈیموں اور بیراجوں سے پہلے 170 ایم اے ایف (ملین ایکٹر فٹ) تک پانی ڈاؤن اسٹریم میں 17 کھاڑیوں (Creeks) کے ذریعے سمندر میں جاتا تھا، چونکہ اس پانی کے ساتھ زرخیز ریت بھی شامل ہوتی تھی تو یہ پانی کا بہاؤ ایک ایکٹو ڈیلٹا کو جنم دیتا تھا اور ہر برس سمندر کو آگے دھکیل کر نئی زمین بناتا تھا۔

زمین بنانے کے اس عمل کو سمجھنے کے لیے میں تھوڑا تفصیل میں جانا چاہوں گا تاکہ آپ اس بات کو سمجھ سکیں کہ دریا کا پانی سمندر میں جانا کیوں ضروری ہے۔ دریا کا بہاؤ اپنے ساتھ سب سے زیادہ زرخیز ریت اور مٹی لاتا ہے۔ جب اس زرخیز مٹی اور ریت کے ساتھ دریا کا پانی سمندر کی ابتدائی لہروں تک پہنچتا ہے تو چھوٹے پنکھے (بادکش) کی شکل کی طرح میلوں میں اپنے ساتھ لائی ہوئی ریت پھیلاتا جاتا ہے جو دھیرے دھیرے سے زمین بنتی جاتی ہے اور جیسے جیسے زمین بَنتی جاتی ہے سمندر پیچھے کی طرف ہٹتا جاتا ہے مگر اس کی سطح وہی رہتی ہے۔

وہ کھیت جہاں کبھی دھان کی فصل لگتی تھی
وہ کھیت جہاں کبھی دھان کی فصل لگتی تھی

میٹھے پانی کی جھیل جو اب سوکھ چکی ہے
میٹھے پانی کی جھیل جو اب سوکھ چکی ہے

سیم اور تھور کے باعث زرخیز زمینیں بنجر ہوچکی ہیں
سیم اور تھور کے باعث زرخیز زمینیں بنجر ہوچکی ہیں

جب تیز ہواؤں کے دنوں میں سمندر کی مدافعت بڑھتی ہے تو دریا شاخوں میں بٹ جاتا ہے لیکن اپنے ساتھ لائی ہوئی ریت سمندر کے اندر پھینکتا رہتا ہے۔ اسی طرح سمندر کے اندر ریت کے ٹیلے بنتے جاتے ہیں اور زمین بنتی جاتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، جب دریائے سندھ میں طغیانی آتی تھی تو اس طغیانی کے 100 دنوں میں یہ ریت کے 11 کروڑ نوے لاکھ مکعب گز سمندر کی طرف لے چلتا ہے۔

کتاب ’انڈس ڈیلٹا کنٹری‘ کے مصنف جنرل ہیگ، اس عمل سے بنی ہوئی نئی زمین کے متعلق تحریر کرتے ہیں کہ ’برٹش راج کے بعد سمندر کی طرف زمین کے بڑھ جانے کے متعلق جاننے کے لیے ہماری بڑی دلچسپی رہی۔ ہم نے اس پر بڑے سروے بھی کیے اور اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ دریائے سندھ جن مختلف ندیوں کی صورت میں سمندر کی طرف سفر کرتا اور سمندر سے جا ملتا ہے، وہاں نئی زمین بڑی تیزی سے بن رہی ہوتی ہے اور سمندر کو مسلسل پیچھے دھکیل رہی ہوتی ہے۔ ہم نے پہلے 1877ء میں اس پر کام کیا تھا جس سے ہمیں پتا لگا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ان نہروں کے سمندر میں پانی ڈالنے سے ساڑھے 3 مربع میل نئی زمین بنی ہے اور زمین بڑھنے کی رفتار ہر بہاؤ میں ایک جیسی نہیں ہوتی۔ کہیں زمین زیادہ بنتی ہے اور کہیں کم'۔

دریا کے اس پانی سے فقط سمندر پیچھے نہیں جاتا یا نئی زمین نہیں بنتی بلکہ اس پانی کی آمد کی وجہ سے ہی ڈیلٹا اپنی قدرتی رنگارنگی کو بحال رکھ سکتا ہے۔ ساتھ میں اس پانی کے حوالے سے ماحولیات اور وہاں کی زراعت، مقامی لوگوں اور ملک کے لیے بہت سارے فوائد ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ مہنگی خوراک سی فوڈ ہے، ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمارے پاس سمندر ہے، مگر ہم نے اس کو برباد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

سمندری مچھلی کے لیے ایک مناسب ماحول کا ہونا ضروری ہے۔ ماحولیات کے ماہرین کے مطابق ’دریا کا میٹھا پانی سمندر کو پیچھے دھکیلتا ہے اور تمر کے جنگلات کو اگاتا ہے جو ایک دیوار کی طرح ساحل کے میدانی علاقوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ ہم Sub Tropical ملک میں رہتے ہیں اور سب ٹراپیکل ممالک کا درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے۔ اب ہمارے ملک کے درجہ حرارت کو برقرار فقط دریائے سندھ کا تازہ پانی ہی رکھ سکتا ہے۔

جب تازہ پانی ڈیلٹا میں داخل ہوتا ہے تو اس کے ساتھ ریت بھی آتی ہے اور اس ریت میں پودوں کے لیے غذائیت بھی ہوتی ہے۔ یہ غذائیت ایک تو مچھلی کو پروٹین اور خوراک مہیا کرتی ہے اور دوسرا یہ فطری طریقے سے ایک بریڈنگ شیٹ مہیا کرتی ہے۔ یوں سندھ کے سمندر کی مچھلیاں اس پر زندہ رہتی ہیں۔ اگر دریائے سندھ کا پانی وہاں نہیں جائے گا تو وہاں کا درجہ حرارت بڑھ جائے گا اور مچھلیاں زندہ نہیں رہ پائیں گی، وہ یا تو مرجائیں گی یا وہاں سے دوسری جگہ چلی جائیں گی۔

اس لیے میٹھا تازہ پانی آپ کے سمندری درجہ حرارت کو قابو میں رکھتا ہے اور ساتھ میں ایک ’کانٹینینٹل شیلف‘ بھی بناتا ہے۔ سندھ کے ساحل کا ’کانٹینینٹل شیلف‘ 110 کلومیٹر کا ہے، یہ کانٹینینٹل شیلف دریائے سندھ بناتا ہے۔ آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ بلوچستان کا ساحل، سندھ کے ساحل سے تو بڑی اراضی میں پھیلا ہوا ہے، مگر مچھلی سندھ کے ساحل سے کم کیوں ہے؟ وہ اس لیے کہ وہاں کا کانٹینینٹل شیلف فقط 30 سے 35 کلومیٹر تک ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جتنا یہ شیلف وسیع ہوگا اتنی زیادہ مچھلیاں وہاں ہوں گی اور ساتھ میں اس سلٹ کی وجہ سے تمر کے جنگلوں کی خوب افزائش ہوتی ہے۔

مگر اب یہاں ایسا کچھ نہیں ہو رہا۔ دریائے سندھ کے diversion کی وجہ سے سمندر میں پانی نہ چھوڑنے کے سبب، اس وقت فقط 70 ہزار ہیکٹر پر تمر کے جنگلات بچے ہیں جو ایک زمانے میں لاکھوں ہیکٹرز پر پھیلے ہوئے تھے۔ یہی تمر کے جنگلات مچھلی اور جھینگوں کی کئی اقسام کی نرسریاں ہوتی ہیں۔ اگر ڈاؤن اسٹریم میں پانی نہیں چھوڑا جائے گا تو مچھلی کی صنعت برباد ہوجائے گی۔

انڈس ڈیلٹا فقط سمندر کا نام نہیں ہے، بلکہ اس میں آب گاہیں، قدرتی جنگل اور زراعت بھی شامل ہے۔ 1980ء تک ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق 12 لاکھ ایکڑ زرعی زمین سمندر کے نذر ہوگئی تھی اور اب 2020ء تک ڈیلٹا کی 41 لاکھ ایکڑ زرعی زمین یا تو سمندر نگل گیا ہے یا سمندر کے شوریدہ پانی کی وجہ سے زمینوں نے اپنی زرخیزی گنوادی ہے۔ یہاں تک کہ گھاس کا ایک تنکا تک نہیں اگتا۔ ساتھ میں لاکھوں لوگوں کو انتہائی مجبوری کی حالت میں نقل مکانی کرنی پڑی ہے۔ جھیلوں کا کلچر برباد ہوا ہے اور جنگلی حیات کی سیکڑوں نسلیں ناپید ہوگئی ہیں۔ یہ ایک سانحے سے کم نہیں ہے۔

میں کیٹی بندر کی قدیم بندرگاہ پر بنے ہوئے ایک ایمرجنسی سینٹر کی چھت پر کھڑا ہوں، کیٹی بندر کے متعلق 'مسٹر ہڈسن' (جس نے کمشنر آف سندھ کو اس علاقے کی 'ریسیٹلمنٹ سروے رپورٹ 1905ء میں پیش کی تھی) نے تحریر کیا ہے کہ ’1848ء سے یہ شہر درآمد و برآمد کا مرکز رہا ہے، یہ اناج کی مشہور منڈی ہے۔ یہاں سے کراچی، کَچھ، کاٹھیاواڑ اور گجرات تک اناج جاتا ہے۔ کیٹی بندر کا 'زنجبار' سے براہِ راست رابطہ ہے۔ مارچ 1902ء میں یہاں سے 92 ہزار 705 من اناج، 2 ہزار 203 من لکڑی اور دوسرا سامان باہر بھیجا گیا‘۔

تاریخ کے ریکارڈ سے ہمیں یہ بھی پتا چلتا ہے کہ ستمبر 1908ء میں بندر پر 382 جہاز 8 ہزار 20 ٹن سامان لے کر داخل ہوئے جبکہ 260 جہاز 7 ہزار 482 ٹن سامان لے کر دوسرے ملکوں کو روانہ ہوئے۔ 1923ء میں یہاں سے 4 لاکھ 23 ہزار 432 روپے کا مال درآمد جبکہ 2 لاکھ 31 ہزار 313 روپے کا مال برآمد کیا گیا۔ اس کے برعکس 1946ء میں فقط 13 ہزار 514 روپے کا مال منگوایا گیا۔

کیٹی بندر
کیٹی بندر

کیٹی بندر ماضی میں درآمد و برآمد کا مرکز رہا ہے
کیٹی بندر ماضی میں درآمد و برآمد کا مرکز رہا ہے

کیٹی بندر سے کراچی اور گجرات تک اناج جاتا تھا
کیٹی بندر سے کراچی اور گجرات تک اناج جاتا تھا

اب یہاں بیوپار کا کوئی جہاز نہیں آتا، بس مچھلیوں کے پکڑنے کی کشتیاں ہیں جن پر بادبانوں کی جگہ رنگین جھنڈے لہراتے ہیں اور شور کرتے انجن ہیں جو دریا کے پانی پر چنگھاڑتے پھرتے ہیں۔ اگر آپ ان میں کبھی بیٹھے ہیں تو آپ کو ضرور اندازہ ہوگا کہ آپ وہاں آپس میں بات نہیں کرسکتے۔ البتہ چیخ و پکار کے بعد بھی جو بات کریں گے وہ آدھی ادھوری ہی سمجھ میں آئے گی۔

ایمرجنسی سینٹر کی چھت پر میرے ساتھ اس علاقے ’جھالُو‘ کے مشہور زمیندار محترم عثمان شاہ صاحب بھی کھڑے ہیں۔ 65 سال کی حیات میں انہوں نے ڈیلٹا کے اس مشہور مرکزی علاقے کے بہت سارے مناظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ انہیں ابھی تک کیکر کے گھنے جنگل یاد ہیں۔ ان کیکر کے درختوں پر سردی کے دنوں میں پیلے پھول لگتے اور ہلکے پیلے سونے کے رنگ جیسا ان کیکروں میں سے گوند نکلتا جس کو طاقت کے لیے مختلف طریقوں سے پکا کر کھایا جاتا۔ ان درختوں پر لگی پھلیاں دودھ دینے والے جانوروں کے لیے ایک طاقتور خوراک ہوتی تھی۔ ان جنگلوں میں دن کو تیتر بولتے اور صبح کو سورج اگنے کے ساتھ فاختائیں بیٹھ کر اپنی مخصوص آواز میں بولتیں اور جب تیز ہواؤں کے دن آتے تو درختوں سے گزرتی ہوئی ہوا سیٹیاں بجانے لگتی۔

’کیکر کا وہ گھنا جنگل وہاں تھا، میلوں میں پھیلا ہوا‘، عثمان شاہ نے شمال مشرق کی طرف اشارہ کیا۔ ’اس چھت سے وہ فاصلہ کوئی 2 میل سے زیادہ نہیں تھا۔ اس جنگل کے قریب سے کبھی ’اوچتو دریا‘ بہہ کر کیٹی بندر کے قریب سمندر کی کھاڑی میں گرتا تھا مگر اب وہاں کچھ تمر کی جھاڑیوں کے سوا کچھ نہیں ہے اور زمین کی سطح پر نمک کی سفید تہہ جمتی ہے۔

’ایک زمانے میں یہ کیٹی بندر تو دھان کی وجہ سے مشہور تھا مگر ہمارا گاؤں جھالو جو کیٹی بندر سے مشرق میں 15 کلومیٹر پر ہے، وہاں آج سے 15 برس پہلے کیلے، خربوزے اور کھیرے کی اتنی شاندار فصل ہوتی تھی کہ، ہماری زمین سے ان اشیا سے لدے 11 ٹرک روز نکلتے تھے۔ کراچی، ملتان، فیصل آباد، لاہور اور پشاور تک ہماری فصلوں کی مارکیٹ ہوتی تھی، بلکہ یہاں تک کہ بیوپاری جھالو کے کھیرے اور خربوزے کے آنے کا انتظار کرتے تھے۔

’ان دنوں ہماری 200 ایکڑ زمین آباد ہوتی تھی مگر اب نہروں میں میٹھے پانی کی بہت کمی ہے، اوپر سے زمین کے اندر سمندری پانی کی سطح بڑھ گئی ہے اور 4، 5 فٹ کی کھدائی پر کڑوا پانی نکل آتا ہے، جس کی وجہ سے سیم و تھور کا مسئلہ انتہائی پیچیدہ ہوگیا ہے۔ جہاں پہلے 200 ایکڑ پر فصلیں ہوتی تھیں اب 20 ایکڑ بھی مشکل سے کر پاتے ہیں۔ اب یہاں نہ کیلا ہوتا ہے، نہ خربوزے اور نہ کھیرے۔ بس دھان ہوتی ہے جس کے لیے بھی کھاد اور اسپرے پر اتنی رقم لگ جاتے ہے کہ نام کا ہی منافع کما پاتے ہیں۔ پھر جس زمین میں 2 برس دھان لگاتے ہیں تو ان 2 برسوں میں میٹھا پانی سمندری پانی کو نیچے دھکیل دیتا ہے یوں تیسرے برس پھر کپاس یا سورج مکھی لگاتے ہیں تو دو پیسے ہاتھ میں آجاتے ہیں۔‘

عثمان شاہ کی باتوں اور اس کے چہرے پر تبدیل ہوتی ہوئی کیفیت بتا رہی تھی کہ وہ بہت پریشان ہیں۔ اس ڈیلٹائی بیلٹ کا ہر کاشتکار اور عام آدمی اجڑتی زمینوں کے ساتھ مہنگائی اور غربت کی وجہ سے سخت پریشان ہے۔ ہر گزرنے والا سال اس منظرنامے سے کچھ نہ کچھ چھین کر لے جاتا ہے اور سمندر ہے کہ لہکتا چہکتا زرخیز زمینوں کو اپنے چونے اور نمکیاتی وجود میں جذب کر رہا ہے۔

ایسی مایوسی والی کیفیت میں، میں نے عثمان شاہ صاحب سے اس کا حل پوچھا تو شاہ صاحب نے کچھ لمحوں کے لیے مجھے دیکھا اور ایک ٹھنڈی سانس بھر کر کہا ’حل ہے۔ فقط میٹھا پانی۔ اگر آب پاشی کا پانی ہمیں اتنا ملے جتنی ہماری زمینیں ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور جو زمینیں ہیں ہم ان کو بچا لیں گے۔ کیونکہ میٹھے پانی کی نہروں میں پانی کی موجودگی اور فصلوں کے لیے پھرپور پانی ہونا اس حقیقت کو یقینی بناتا ہے کہ سمندر کا پانی میٹھے پانی کی وجہ سے اوپر نہیں آئے۔

’دوسرا یہ کہ دریا میں جو پانی ہر برس چھوڑنے کو کہا گیا ہے وہ آنا چاہیے۔ اگر ایسا ہوتا رہے تو مجھے نہیں لگتا کہ سمندر کی بربادی اتنی تیزی سے آگے بڑھ سکتی ہے۔ مگر آب پاشی نظام میں رشوت خوری اپنے عروج پر ہے جس کی وجہ سے کاشت کے لیے پانی نہ وقت پر ملتا ہے اور نہ ہماری ضروریات کے مطابق ملتا ہے۔ یہاں سب برباد کرنے کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔‘

اوچتو بہاؤ
اوچتو بہاؤ

یہاں کبھی اوچتو بہاؤ اور جنگلات ہوا کرتے تھے
یہاں کبھی اوچتو بہاؤ اور جنگلات ہوا کرتے تھے

اوچتو بہاؤ کی جگہ اب سمندر کے پانی  نے  لے لی ہے
اوچتو بہاؤ کی جگہ اب سمندر کے پانی نے لے لی ہے

میں یہاں کیٹی بندر کی طرف گزشتہ 18 برسوں سے مسلسل آرہا ہوں، میں نے کیٹی بندر کے اطراف میں سمندر کا آگے بڑھنا دیکھا ہے۔ میں نے کئی قبرستان اور زرخیز زمینیں اپنے سامنے سمندر کے پانی کے نیچے آتی دیکھی ہیں۔ یہاں سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں سے بھی میں ملا ہوں، یہاں کیلے اور کھیروں کی شاندار فصلوں کو بھی میں نے دیکھا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو 15 یا 18 برس اتنے زیادہ نہیں ہوتے۔ مگر ان برسوں میں، میں نے جو سمندر کی بربادی دیکھی ہے وہ ان لوگوں نے بھی ضرور دیکھی ہوگی جو مسلسل یہاں آتے رہے ہیں۔ میٹھے پانی کے لیے اتنی چیخ و پکار کے بعد بھی یہاں کچھ بہتری نہیں آئی۔

مجھے یا شاید ہم بہت ساروں کو یہ سمجھ میں نہیں آرہا کہ آخر ہم ترقی کہاں کر رہے ہیں؟ کیا ہم فقط بربادی کر رہے ہیں؟ ہم قدرت کے بنے بنائے زرعی بیلٹ کو اپنے ہاتھوں سے برباد کر رہے ہیں۔ ہم سمندر کے کناروں کو میونسپل اور انڈسٹری ویسٹیج کی وجہ سے برباد کرچکے ہیں۔ کیا آنے والے دنوں میں ہمارا یہ ارادہ ہے کہ چاول، مچھلی اور دیگر اجناس بھی دوسرے ملکوں سے درآمد کریں گے؟ کیا ہم گاؤں اور زرعی زمینیں برباد کرکے شہر بسا سکتے ہیں؟ اگر جواب ’نہیں‘ میں ہے تو ان حوالوں سے ہمیں کچھ سنجیدگی سے سوچنے کی شدید ضرورت ہے۔


تصاویر: لکھاری


ابوبکر شیخ آرکیولاجی اور ماحولیات پر لکھتے ہیں۔ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے لیے فوٹوگرافی اور ریسرچ اسٹڈیز بھی کر چکے ہیں۔ ان کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دیے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

ابوبکر شیخ

ابوبکر شیخ آرکیولاجی اور ماحولیات پر لکھتے ہیں۔ ان موضوعات پر ان کی 5 کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے لیے فوٹوگرافی اور تحقیقی مطالعہ بھی کر چکے ہیں۔

ان کا ای میل ایڈریس [email protected] ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (13) بند ہیں

محمد جنید زبیری Mar 10, 2022 07:38pm
ہمیشہ کی طرح شاندار اور معلوماتی تحریر ہے، ہم لوگ تو اپنے ہی ہاتھوں برباد ہورہے ہیں کسی کو اور کچھ کرنے کی ضررورت نہیں، قدرتی وسائل سے چھیڑ چھاڑ صرف بربادی ہے۔
انجنیئر حا مد شفیق Mar 10, 2022 11:40pm
میرے ذاتی خیال میں میٹھا پانی پوری دنیا میں کم ہورہا ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہے
Rabab Mar 11, 2022 12:10am
Very informative..first time Indus delta ki tabahai say mutaaliq itne detail story Nazar say guzri..thank u very much for sharing
یمین الاسلام زبیری Mar 11, 2022 07:36am
اتنی معلومات کے ساتھ لکھنا ابوبکر صاحب کا ہی خاصہ ہے۔ یہ کوئی ۸۰ کی دہائی ہوگی صحافیوں کی ایک جماعت کو ملتان اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں واپڈا کے کام دکھانے کے لیے لے جایا گیا تھا میں بھی اس میں تھا۔ وہاں ہم نے بہت کچھ دیکھا اور یہ بھی دیکھا کہ نہروں کے ساتھ ساتھ سیم نالہ بھی بنایا جارہا ہے جو نمکین پانی کو وہاں سے سمندر تک پہنچائے گا۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ نہری پانی ضرورت سے زیادہ استعمال ہو رہا ہے جس کی وجہ سے زمین کے نمکیات پانی کی اونچی سطح کے ساتھ زمین سے باہر آ رہے ہیں۔ سیم نالہ اسی پانی کی سطح کو نیچا رکھنے کے لیے استعمال ہو رہا ہے، اور اس بے ضرورت پانی کے استعمال کا کا اثر ڈیلٹا پر پڑ رہا ہے۔
Abdul Nasir Mughal Mar 11, 2022 09:28am
Boht Khoob haikh Sb. Very touchy and informative.
Irfan Mehdi Khowaja Mar 11, 2022 02:40pm
جناب ابوبکر شیخ صاحب نے جو انڈس ڈیلٹا کی حالیہ حالات پر جو تحریر درج ذیل کی ہے وہ انتہائی شاندار اور معلوماتی تحریر ہے ، ہمیں ان کی تحریروں سے بہت زیادہ معلومات ملتی ہے ، شکریہ جناب
Imp Mar 11, 2022 03:04pm
Very informative, it must have taken long hours to write such article. I hope someone one there read it and take a heed
Saifuddin Takhtawala Mar 11, 2022 08:13pm
Thanks for highlighting environmental problems in the Indus River Delta. We were working on a project back in 90s and surveyed the area near Keti Bander. The objective was to import road construction material from Karachi via barges. This happened during Benazir's first tenure when Zardari went to Korea and signed a MoU to developed Keti Bander Port and it is open to everybody imagination what could have happened after that.
Zafar Mar 13, 2022 12:39pm
Well done
تابش انجم Apr 28, 2022 12:14pm
کالاباغ ڈیم کی تعمیر اسے مزید بنجر بنادے گی یا شاید کچھ بھی باقی نہ بچے
Qurban Zardari Apr 28, 2022 01:07pm
Very informative and learnt new things as well. Keep it up sir
Murad Apr 28, 2022 11:58pm
If the dams & barrages you mentioned wouldn't have been made, Pakistan won't be able to feed its population today. One side of the story.
ندیم اختر Apr 29, 2022 12:50pm
ماشاء اللہ ، شیخ صاحب جس درد اور خلوص کے ساتھ یہ تحریریں لکھتے ہیں اس بات پر ہم سب پاکستانیوں کو ان کو مبارکباد دینی چاہئے اور ان کی قدر کرنی چاہیے ، اتنے شاندار تحقیقی مضامین لکھ کر وہ پاکستان کی بہت بڑی خدمت کررہے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے ارباب اختیار اور تمام مقتدر ادارے ہمارے دریا اور سمندر کی اس بربادی کا نوٹس لیں اور جس طرح بھی ان نقصانات کی بھر پائی ہو سکتی ہے اسے ممکن بنانے ، یہ ہماری آ نے والی نسلوں کے لیے بہت ضروری ہے