• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

بابر اعظم کے نام ایک اور اعزاز، کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار رنز مکمل

شائع December 19, 2022
بابر اعظم نے اب تک 8 ٹیسٹ میچوں میں 1009 رنز بنا رکھے ہیں — فوٹو: رائٹرز
بابر اعظم نے اب تک 8 ٹیسٹ میچوں میں 1009 رنز بنا رکھے ہیں — فوٹو: رائٹرز

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے رواں سال مجموعی طور پر اپنے ایک ہزار رنز مکمل کر لیے اور وہ 6 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہیں۔

کراچی میں جاری پاک-انگلینڈ تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی کپتان نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

بابر اعظم ایک سال میں ایک ہزار رنز بنانے والے چھٹے پاکستانی بلے باز ہیں، تیسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں جب وہ 45 رنز پر پہنچے تو ایک سال میں ان کے ایک ہزار رنز مکمل ہوئے، جس کے بعد وہ 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کی اچھی کارکردگی کے باوجود پاکستان کے سر پر پہلی بار ملک میں وائٹ واش کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

بابر اعظم نے اب تک 8 ٹیسٹ میچوں میں 1009 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ اگلے ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک اور میچ کھیل کر اپنے مجموعی رنز میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔

کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان کو پہلی بار ملک میں کھیلی گئی سیریز میں تاریخ کی بدترین شکست کے خطرے کا سامنا ہے۔

رواں برس سب سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا بھر کے بلے بازوں میں انگلینڈ کے جو روٹ 15 ٹیسٹ میچوں میں 1098 رنز بنا کر 2022 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

اس کے علاوہ رواں برس آسٹریلیا کے عثمان خواجہ نے 10 ٹیسٹ میچوں میں 1079 اور انگلینڈ کے بلے باز جونی بیئراسٹو نے 10 میچوں میں 1061 رنز بنا رکھے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے یونس خان نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر میں 2 مرتبہ انجام دیا تھا، انہوں نے 2006 میں 1179 اور 2014 میں 1064 رنز بنائے تھے۔

ایک سال میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد یوسف نے 2006 میں 1788 رنز، انضمام الحق 2000 میں 1090 رنز، اظہر علی نے 2016 میں 1198 رنز اور محسن خان نے 1982 میں 1029 رنز بنائے تھے۔

کسی بھی بلے باز کی جانب سے ایک سال میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ محمد یوسف کے پاس ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024