• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

بھارت: ملٹری اسٹیشن میں فائرنگ سے 4 فوجی ہلاک، سرچ آپریشن جاری

شائع April 12, 2023
پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ملٹری اسٹیشن کی کینٹین میں پیش آیا—فوٹو: اے این آئی
پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ملٹری اسٹیشن کی کینٹین میں پیش آیا—فوٹو: اے این آئی

بھارتی ریاست پنجاب کے بٹھنڈا ملٹری اسٹیشن میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ فورسز نے واقعے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

معاملے کی حساسیت کے سبب دفاعی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرخبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ بتایا کہ بھٹنڈا کے ملٹری اسٹیشن پر فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد کے پاس گولہ بارود بھی موجود تھا۔

بھارتی پنجاب میں ایک سینیئر پولیس اہلکار ایس پی ایس پرمار نے ’رائٹرز ’کو بتایا کہ یہ واقعہ ملٹری اسٹیشن کی کینٹین میں پیش آیا تاہم یہ دہشت گردی کا حملہ نہیں تھا۔

بیان کے مطابق یہ واقعہ صبح 4 بج کر 36 منٹ پر پیش آیا، فائرنگ کے بعد فوج کی کوئیک ری ایکشن ٹیمیں متحرک ہو گئیں اور انہوں نے چھاؤنی کو گھیرے میں لیتے ہوئے سیل کر دیا، اس حوالے سے مزید تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔

مذکورہ ملٹری اسٹیشن نئی دہلی کے شمال مغرب میں تقریباً 280 کلومیٹر (175 میل) کے فاصلے پر واقع ہے، جس میں زیادہ تر فوجیوں کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں اور یہ ایک رہائشی فوجی علاقہ ہے۔

بھٹنڈا کے سینیئر پولیس اہلکار گلنیت سنگھ کھرانہ نے مقامی نیوز براڈکاسٹر ’این ڈی ٹی وی‘ کو بتایا کہ پولیس ٹیم ملٹری اسٹیشن کے باہر انتظار کر رہی ہے، فوج نے تاحال انہیں کلیئرنس نہیں دی ہے، ملٹری اسٹیشن کے چاروں دروازے بند کردیے گئے ہیں۔

دریں اثنا ’اے این آئی‘ نے پولیس ذرائع کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ 28 کارتوسوں والی ایک رائفل تقریباً 2 روز قبل لاپتا ہو گئی تھی، شبہ ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے فوج کے اہلکار ملوث ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بھارتی فوجی اڈوں پر کئی بڑے حملے ہوچکے ہیں۔

اگست 2022 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے راجوری میں عسکریت پسندوں نے بھارتی فوج کی ایک چوکی پر حملہ کردیا تھا جس میں 3 فوجی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور مارے گئے تھے۔

فروری 2019 میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک خودکش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی بھارتی پیرا ملٹری پولیس کی بس سے ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں 44 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

نومبر 2016 میں عسکریت پسندوں نے جموں شہر کے قریب نگروٹا میں ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا تھا جس میں 7 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

ستمبر 2016 کے اُڑی حملے میں 4 مسلح افراد نے ایک بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا تھا جس میں 18 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

جنوری 2016 میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 6 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا جنہوں نے پنجاب کے پٹھان کوٹ میں ایک فوجی ایئر بیس پر حملہ کیا تھا جس میں 7 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 22 زخمی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024