• KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:49pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:04pm
  • KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:49pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:04pm

افغانستان کا استحکام خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، بلاول بھٹو زرداری

شائع May 6, 2023
بلاول بھٹو زرداری اور چینی وزیر خارجہ کی نیوز کانفرنس—تصویر: ڈان نیوز
بلاول بھٹو زرداری اور چینی وزیر خارجہ کی نیوز کانفرنس—تصویر: ڈان نیوز

پاکستان اور چین کا سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ’افغانستان میں امن و استحکام‘ کی اہمیت پر زور دیا اور اس کے حصول کے لیے چین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چوتھا دور منعقد ہوا جس کی مشترکہ صدارت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے کی۔

بعدازاں اپنے ہم منصب کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’آج کی ہماری بات چیت میں ہم نے اس بات کی نشاندہی کی کہ افغانستان میں امن اور استحکام خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی، رابطے اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے‘۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم پرامن، مستحکم، خوشحال اور متحد افغانستان کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان بلاک کی سیاست یا کسی بھی قسم کے زیادہ طاقت کے مقابلے کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی اور رابطوں کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ابھرتے ہوئے عالمی خدشات جیسے انسان کی پیدا کردہ موسمیاتی تبدیلی کی روشنی میں تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے چین کے ساتھ منسلک رہنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے وفود کا تبادلہ، دو طرفہ مشاورت کا میکانزم دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی 72 سال پرانی ہے جو کئی برسوں سے مضبوط ہورہی ہے اور نسلوں، سیاسی تقسیم کے باوجود اس پر اتفاق رائے ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج چینی وزیر خارجہ سے بات چیت میں ہم نے پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کے پورے اسپیکٹرم پر خیالات کا تبادلہ کیا اور نئی پیش رفتوں کے تناظر میں دونوں اقوام کے باہمی مفادات کے لیے اس شراکت داری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ آنے والی دہائیوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، چین کے قومی مفاد کے تمام اہم معاملات پر اس کی حمایت جاری رکھے گا جس میں ون چائنا پالیسی، تائیوان، تبت، سنکیانگ، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین کا معاملہ شامل ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ رواں برس پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ایک دہائی ہوگئی ہے جو بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی نمایاں مثال ہے جو سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دے رہا ہے، روزگار کے مواقع فراہم اور پاکستان میں لوگوں کی زندگیاں بہتر بنارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک ایک ایسا معاشی اقدام ہے جو پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لیے کھلا ہوا ہے، پاکستان چین کی فراٖغ دلی اور بروقت تعاون پر اس کا شکرگزار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین دوستی ختم نہیں ہوسکتی، دونوں ممالک کے عوام کی باہمی گرمجوش تعلقات اور بھروسہ کثیر اثقافتی تعاون کی دمکتی مثال ہے۔

پاکستان چین سے تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ

قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں نئے دور میں لے جانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر خارجہ میں چین کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کی کہ سیاسی سپیکٹرم اور تقسیم کے اس پار، پاک چین تزویراتی شراکت داری کی بات کی جائے تو ہم میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ ایک قابل اعتماد شراکت دار اور قابل اعتماد دوست ثابت کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا اس دوستی کا ایک حالیہ مظہر سوڈان سے ہمارے شہریوں کے انخلا میں فوری چینی مدد اور مدد ہے، چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کے ساتھ ساتھ تنازع کشمیر پر اس کے اصولی اور منصفانہ مؤقف کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری ہمارے ممالک کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور پاکستان راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا مشترکہ اعلامیہ جاری

پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ چِن گانگ نے 5 سے 6 مئی تک پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے ہفتہ کو اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کی سطح پر پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔

جاری مشترکہ بیان کے مطابق بات چیت میں سیاسی، اسٹریٹجک ، اقتصادی، دفاعی سلامتی، تعلیم اور ثقافتی شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے تمام دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا، بات چیت میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے دو سیشنز کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی، انہوں نے چین کے عوام اور نئی قیادت کے لیے ایک مضبوط، خوشحال اور جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اسٹیٹ کونسلر چِن گانگ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے نومبر 2022 میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دورہ بیجنگ کے دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو یاد کرتے ہوئے گہری علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے تناظر میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم دوطرفہ شعبوں میں بات چیت کے انعقاد کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین دوستی ایک تاریخی حقیقت ہے اور دونوں ممالک کا شعوری انتخاب ہے، تعاون پر مبنی اسٹریٹجک پارٹنرز کے طور پر پاکستان اور چین کے درمیان مکمل باہمی اعتماد سے آہنی دوستی دونوں ممالک میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر اپنی مستقل حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، چین نے پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ اس کے اتحاد، استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ون چائنا پالیسی کے ساتھ ساتھ تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت قومی مفاد کے تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔

فریقین نے 2023 میں سی پیک کی ایک دہائی کی تکمیل کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹوکی ایک روشن مثال کے طور پر سراہا جس نے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری کو تیز کیا ہے۔

سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فریقین نے سی پیک منصوبوں کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا، دونوں فریقوں نے سی پیک فریم ورک کے تحت ایم ایل ون منصوبے کی کلیدی اہمیت کا اعادہ کیا اور اس کے جلد از جلد نفاذ کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق انہوں نے تعاون کے اہم شعبوں بشمول زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور قابل تجدید توانائی کے ساتھ ساتھ کراچی سرکلر ریلوے کو فعال طور پر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، دونوں ملکوں نے گوادر میں فرینڈ شپ ہسپتال اور نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے) سمیت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ گوادر کو اعلیٰ معیار کی بندرگاہ اور علاقائی تجارت اور رابطوں کا مرکز بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے صنعت کاری کو طویل مدتی پائیدار اقتصادی ترقی اور ترقی کے لیے انتہائی سازگار تسلیم کرتے ہوئے صنعتی تعاون کو فعال طور پر آگے بڑھانے کے لیے صنعتی تعاون کے فریم ورک معاہدے کی رہنمائی میں مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سی پیک جیت کے تعاون کا ایک کھلا اور جامع پلیٹ فارم ہے اور تیسرے فریقوں کو سی پیک سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کی دعوت دی۔ پاکستانی فریق نے چین کی جانب سے اس کی اقتصادی اور مالی مدد اور سیلاب کے بعد تعمیر نو اور بحالی کے لیے اس کے فراخدلانہ امدادی پیکج پر شکریہ ادا کیا۔

مشرکہ بیان کے مطابق فریقین نے دہشت گردی کی تمام اشکال اور مظاہر سے نمٹنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا، چین نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان میں چینی منصوبوں، اہلکاروں اور اداروں کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ داسو، کراچی اور دیگر حملوں میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والے مجرموں کو گرفتار کرنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا، اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) جیسے کثیرالجہتی فورمز پر علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اپنے تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے فریقین نے باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے رابطوں اور تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد ، اصولوں ،کثیرالجہتی آزاد تجارت اور جیتنے والے تعاون کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق پاکستان نے کہا کہ وہ چین کی طرف سے پیش کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو اور گلوبل سکیورٹی انیشیٹو کی حمایت کرتا ہے، دونوں فریق جی ڈی آئی اور جی ایس آئی پر دو طرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے چین کی جانب سے تجویز کردہ عالمی تہذیبی اقدام کا خیرمقدم کیا۔

مشترکہ بیان کے مطابق فریقین نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران پاکستان نے چینی وفدکو جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا، چین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کشمیر تاریخ میں تصفیہ طلب ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق مناسب اور پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے، فریقین نے کسی بھی یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کی جو پہلے سے غیر مستحکم صورتحال کو مزید پیچیدہ بنادیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی، روابط اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے،

اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ایک پرامن، مستحکم، خوشحال اور متحد افغانستان کے لیے مل کر کام کریں جو دہشت گردی کا مضبوطی سے مقابلہ کرے گا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے بین الاقوامی برادری کی طرف سے افغانستان کو مسلسل امداد اور مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں افغانستان کے بیرون ملک موجود مالیاتی اثاثوں کو غیر منجمد کرنا بھی شامل ہے جب کہ افغان عوام کے لیے انسانی اور معاشی امداد جاری رکھنے اور افغانستان میں سی پیک کی توسیع سمیت افغانستان میں ترقیاتی تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے قیادت کی سطح پر مسلسل قریبی مشاورت، بڑھتے ہوئے عملی تعاون اور سی پیک منصوبوں کے مضبوط نفاذ کے ذریعے اپنی ہر آزمائش میں پورا اترنے والے تعاون پر مبنی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ کا اپنے وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024