اسلام آباد: مارگلہ کی ہائکنگ ٹریل پر خاتون کا ریپ، ایف آئی آر درج

شائع July 14, 2023
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد پولیس نے مارگلہ کی پہاڑیوں میں ہائکنگ ٹریل پر خاتون کے مبینہ ریپ کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق مبینہ ریپ کا شکار خاتون نے اسلام آباد کے کوہسار پولیس اسٹیشن پہنچ کر ضابطہ فوجداری کے سیکشن 376 کے تحت ایف آئی آر درج کروائی۔

ڈان ڈاٹ کام کو موصول ایف آئی آر کے مطابق مریدکے سے تعلق رکھنے والی خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ نوکری کی تلاش میں تھیں اور انہیں دو ماہ قبل واٹس ایپ پر ایک شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا۔

ایف آئی آر میں شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ’اس شخص نے مجھے کہا کہ وہ محکمہ تعلیم میں اکاؤنٹنٹ ہیں جہاں آسامیاں خالی ہیں اور وہ ملازمت کے حصول میں ان کی مدد کر سکتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص نے اس کے بدلے مجھے 50 ہزار روپے دینے کا کہا۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انہیں راولپنڈی آنے کو کہا گیا اور وہ 12 جولائی کو راولپنڈی پہنچیں۔

خاتون نے کہا کہ اسی دن اس شخص نے ان سے اپنا پتا شیئر کرنے کا کہا جس کے بعد وہ ٹینچ بھاٹا بس اسٹاپ پر ملے۔

خاتون نے کہا کہ وہاں انہوں نے اس شخص کو اپنی سی وی اور 30 ہزار روپے دیے اور مزید 20 ہزار روپے ملازمت کا تحریری آرڈر ملنے کے بعد دینے کو کہا۔

خاتون نے کہا کہ اس شخص نے انہیں ایک سینیئر افسر سے ملنے کا بھی کہا جو ملازمت کے لیے ان سے انٹرویو کریں گے۔

متاثرہ خاتون نے مزید کہا کہ اس شخص نے مجھے بتایا کہ مجھ سے ملنے کے بعد افسر واقف ہوں گے اور بغیر کسی اعتراض کے دستیاب نوکری کے لیے آپ کو منتخب کریں گے۔

خاتون نے کہا کہ اس مقصد کے لیے مشتبہ شخص نے انہیں ٹینچ بھاٹا کے آخری بس اسٹاپ سے اٹھایا اور جمعرات (13 جولائی) کو ایک موٹر سائیکل پر مارگلہ ہلز کے ٹریل 3 پر لے گیا جس کے بعد وہ انہیں جنگل کی طرف لے گیا اور 3 بجے کے قریب گن پوائنٹ پر ریپ کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے شور مچانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی، اس لیے وہ ڈر کے مارے خاموش رہیں۔

متاثرہ خاتون نے کہا کہ مشتبہ شخص نے دھمکی دینے کے بعد پھر انہیں آخری بس اسٹاپ پر اتارا۔

خاتون نے مطالبہ کیا کہ مشتبہ شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ان کا طبی معائنہ کروایا جائے۔

ایف آئی آر کے مطابق خاتون کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ایک لیڈی کانسٹیبل کے ساتھ پولی کلینک بھیجا گیا۔

خیال رہے کہ یہ معاملہ اسلام آباد کے ایف-9 پارک میں پیش آنے والے اسی طرح کے واقعے کی ایک سنگین یاد دہانی ہے جہاں فروری میں گن پوائنٹ پر ایک خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

فروری کے کیس کی ایف آئی آر میں شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ پارک گئی تھیں جہاں دو افراد نے انہیں گن پوائنٹ پر روکا اور جنگل کی طرف لے گئے۔

ایف آئی آر میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ریپ کے بعد کہا کہ اس وقت پارک میں مت آنا۔

دارالحکومت کے ایک پارک میں دن دیہاڑے ہونے والے اس واقعے نے قوم کو چونکا دیا تھا اور ملک میں خواتین کے تحفظ پر نئے سوالات اٹھائے گئے تھے۔

تاہم کچھ دن بعد پولیس نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں ڈی-12 پولیس چوکی پر ایک مقابلے کے دوران دو افراد مارے گئے جن کی شناخت ایف-نائن پارک ریپ کیس میں مشتبہ افراد کے طور پر ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024