• KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm
  • KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm

معمر رانا کی اہلیہ شوہر کے دفاع میں سامنے آگئیں

شائع August 25, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

سابق ’مس ورلڈ‘ اور معروف بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی رنگت پر متنازع بات کہنے پر تنقید کا سامنا کرنے والے اداکار معمر رانا کی اہلیہ شوہر کے دفاع میں سامنے آگئیں۔

معمر رانا نے کچھ دن قبل نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے فلمی کیریئر سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ماضی میں ان کا بھارت کا دورہ کیسا رہا اور انہوں نے وہاں کن کن شوبز شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

شو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی دورے کے دوران جب وہ سلمان خان کے ساتھ بیٹھے تو ان سے ملنے کے لیے پریانکا چوپڑا آئیں لیکن وہ انہیں اس وجہ سے نہیں پہچان سکے، کیوں کہ وہ میک اپ کے بغیر بالکل مختلف دکھائی دیں۔

معمر رانا کا مزید کہنا تھا کہ پریانکا چوپڑا کو بغیر میک اپ دیکھ کر وہ دنگ رہ گئے اور انہیں دیکھ کر ان کا کرش (crush) ختم ہوگیا اور انہوں نے دل میں کہا سب ’بھاڑ‘ میں جائیں۔

اسی دوران نادر علی نے معمر رانا کو کہا تھا، آپ نے سوچا ہوگا کہ کالا نمک چاٹ لوں۔

معمر رانا اور نادر علی کو پریانکا چوپڑا کی رنگت پر جملے بازی اور متنازع باتیں کہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور دونوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

معمر رانا پر تنقید کرنے والے افراد میں پاکستانی ماڈل و اداکارہ متھیرا بھی شامل تھیں، جنہوں نے ان سمیت یوٹیوبر نادر علی پر بھی خوب تنقید کی اور اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ یہ لوگ کون ہوتے ہیں دوسروں کی رنگت پر بات کرنے والے اور یہ کہ نادر علی صرف گوری رنگت کو ہی خوبصورتی بنا کر پیش کرتے ہیں۔

متھیرا علی کی تنقیدی انسٹاگرام اسٹوری پر معمر رانا کی اہلیہ مہناز رانا نے ردعمل دیتے ہوئے اپنے شوہر کا دفاع کیا اور سارا ملبہ نادر علی پر ڈال دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مہناز رانا نے انسٹاگرام اسٹوری میں متھیرا کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے شوہر نے صرف یہ کہا کہ بغیر میک اپ کے وہ پریانکا چوپڑا کو نہیں پہچان سکے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ معمر رانا کی جانب سے پوڈکاسٹ میں کی گئی باتیں عام تھیں، جن پر خوامخواہ تنازع کرکے شو کو اہم بنانے کی کوشش کی گئی۔

اداکار کی اہلیہ نے دعویٰ کیا کہ نادر علی نے ان کے شوہر کو بولنے پر مجبور کیا اور وہ اس طرح ان سے سوالات کر رہے تھے کہ وہ چاہتے تھے کہ ان کے شو سے کوئی متنازع بات نکلے۔

مہناز رانا کے مطابق سوشل میڈیا کے لوگوں نے نادر علی کے پوڈکاسٹ کی باتوں پر بات کرکے انہیں اہمیت دی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر نے صرف اتنا کہا کہ پریانکا چوپڑا اسکرین پر خوبصورت دکھائی دیتی ہیں جب کہ سامنے وہ بالکل مختلف تھیں اور انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کی۔

ساتھ ہی مہناز رانا نے شوہر پر تنقید کرنے والے افراد سے سوال کیا کہ جب پریانکا چوپڑا نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بات نہیں کی، تب لوگ کیوں خاموش تھے؟

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024