بھارتی وزیر اعظم کی ’تاریخی‘ راہداری کی نقاب کشائی کے بعد سعودی عرب سے تعلقات کی تعریف

شائع September 11, 2023
بھارت اور سعودی عرب نے امریکا، یورپی یونین، متحدہ عرب امارات اور دیگر کے ساتھ مل کر ریلوے، بندرگاہوں، بجلی اور ڈیٹا نیٹ ورکس اور ہائیڈروجن پائپ لائنز کو جوڑنے کی پہل شروع کی ہے — فوٹو: اے ایف پی
بھارت اور سعودی عرب نے امریکا، یورپی یونین، متحدہ عرب امارات اور دیگر کے ساتھ مل کر ریلوے، بندرگاہوں، بجلی اور ڈیٹا نیٹ ورکس اور ہائیڈروجن پائپ لائنز کو جوڑنے کی پہل شروع کی ہے — فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ایک وسیع اتحاد کے حصے کے طور پر یورپ، مشرق وسطیٰ اور بھارت کو جوڑنے والے ایک تجارتی اور ٹرانسپورٹ روٹ کی نقاب کشائی کرنے کے چند دن بعد تیل کی دولت سے مالا مال سعودی عرب کے ساتھ اپنی ’اسٹریٹجک‘ شراکت داری کا خیر مقدم کیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسیوں ’اے ایف پی‘ اور ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بتایا کہ ’ہم نے مل کر اقتصادی راہداری کے قیام کا تاریخی آغاز کیا ہے‘۔

دونوں ممالک نے جی 20 کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ جدید دور کے اسپائس روٹ کی تشکیل کے لیے پرعزم منصوبوں کی نقاب کشائی میں حصہ لیا تھا جس سے ممکنہ طور پر وسیع جغرافیائی سیاسی مضمرات کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندری مودی نے اپنی میزبانی میں جی 20 کے گروپ کے دو روزہ اجلاس کے اختتام کے بعد بات چیت میں کہا کہ یہ راہداری نہ صرف دونوں ملکوں کو بلکہ اقتصادی تعاون، ایشیا، مغربی ایشیا اور یورپ کے درمیان ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو جوڑے گی۔

اپنی بات چیت کے دوران بھارتی وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے خلا میں تعاون، سیمی کنڈکٹرز اور دفاعی مینوفیکچرنگ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ دونوں رہنماؤں نے توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بھارت اور سعودی عرب نے مقامی کرنسیوں میں تجارت کے امکان اور بھارت اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے بات چیت کو تیز کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے سیکریٹری اوصاف سعید نے کہا کہ دونوں ممالک نے 8 معاہدوں پر دستخط کیے جن میں ایک معاہدہ ہائیڈرو کاربن توانائی کی شراکت داری کو قابل تجدید، پیٹرولیم اور اسٹریٹجک ذخائر کے لیے جامع توانائی کی شراکت داری میں اپ گریڈ کرنا بھی شامل ہے۔

اوصاف سعید نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے سعودی سرمایہ کاری میں 100 ارب ڈالر کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس بنانے پر بھی اتفاق کیا، جس میں سے نصف بھارت کے مغربی ساحل کے ساتھ تاخیر کا شکار ریفائنری پروجیکٹ کے لیے مختص ہے۔

بھارت اور خلیجی ممالک کے درمیان باہمی رابطے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اوصاف سعید نے کہا کہ اس میں بندرگاہیں، ریلوے، بہتر سڑکیں اور بجلی، گیس گرڈ اور ایک آپٹیکل فائبر نیٹ ورک بھی شامل ہوگا۔

بھارت اور سعودی عرب نے امریکا، یورپی یونین، متحدہ عرب امارات اور دیگر کے ساتھ مل کر ریلوے، بندرگاہوں، بجلی اور ڈیٹا نیٹ ورکس اور ہائیڈروجن پائپ لائنز کو جوڑنے کی پہل شروع کی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے لانچ تقریب میں تجارت اور ٹرانسپورٹ اسکیم کو تاریخی قرار دیا۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ بھارت-مشرق وسطی-یورپ اقتصادی راہداری صرف ریلوے یا کیبل سے کہیں زیادہ ہے۔

دستخط کنندگان کو توقع ہے کہ اس سے بھارت کی 1.4 ارب افراد کی وسیع مارکیٹ کو مغرب کے ممالک کے ساتھ مربوط کرنے میں مدد ملے گی، چین کے بنیادی ڈھانچے کے شاہانہ اخراجات کو متوازن کرنے، مشرق وسطیٰ کی معیشتوں کو فروغ دینے اور اسرائیل اور خلیجی عرب ریاستوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے میں مدد ملے گی۔

سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی وزارت کے مطابق گزشتہ سال دو طرفہ تجارت پہلے ہی 42.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، سعودی عرب بھارت کو پیٹرولیم مصنوعات برآمد کرنے والوں میں سرفہرست ہے۔

نریندر مودی نے مزید کہا کہ دنیا کی دو تیز ترین ترقی کرنے والی معیشتوں کے طور پر ہمارا باہمی تعاون پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے لیے سعودی عرب سب سے اہم اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024