• KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm
  • KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm

بڑا اداکار نہیں، زندگی تماشا سے قبل چار تھیٹر کیے تھے، عارف حسن

شائع September 21, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

طویل تنازعات کے بعد گزشتہ ماہ اگست کے وسط میں یوٹیوب پر ریلیز کی گئی فلم ’زندگی تماشا‘ کے مرکزی اداکار عارف حسن نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ فلم سے قبل انہوں نے صرف زیادہ سے زیادہ چار تھیٹر اسٹیج شو کیے تھے۔

عارف حسن نے ’زندگی تماشا‘ میں راحت خواجہ نامی ایسے نعت خواں کا کردار ادا کیا تھا جن کی کچھ ذاتی غلطیوں کی وجہ سے ان پر شدید تنقید ہوئی۔

فلم میں عارف حسن کے علاوہ سرمد کھوسٹ، سامعہ ممتاز، ایمان سلیمان، مہربانو اور عدیل افضل سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا تھا۔

فلم کو کہانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور اس کی ریلیز پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

’زندگی تماشا‘ پر مذہبی افراد کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام تھا جب کہ فلم ساز سرمد کھوسٹ ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ فلم کی کہانی ’ایک اچھے مولوی کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں کسی بھی انفرادی شخص، کسی فرقے یا مذہب کی غلط ترجمانی نہیں کی گئی۔

تمام تنازعات اور پابندیوں کے باوجود فلم کو 14 اگست کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا تھا، جہاں اسے لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

فلم کی ریلیز کے بعد اب عارف حسن نے سرمد کھوسٹ کے پوڈ کاسٹ میں بتایا ہے کہ فلم کے کردار کا ان کی ذاتی زندگی پر بھی گہرا اثر پڑا۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ فلم دیکھنے کے بعد حقیقی زندگی میں جو ان کی اہلیہ ہیں، انہوں نے بھی انہیں طعنہ دیا کہ کچھ دیر کے لیے راحت خواجہ بن جائیں، یعنی فلمی کردار بن جائیں۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے عارف حسن نے شکوہ کیا کہ لوگ انہیں پہچان نہیں پاتے اور زیادہ تر افراد انہیں بعض مرتبہ آرکیٹک اور ٹاؤن پلانر تو بعض دفعہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا چیئرمین سمجھ بیٹھتے ہیں۔

ان کے مطابق کچھ لوگ انہیں معروف ٹاؤن پلانر عارف حسن سمجھتے ہیں اور ایک ٹی وی چینل نے انہیں آرکیٹیک سمجھ کر ان سے براہ راست عمارت کے منہدم ہونے پر بات بھی کی۔

اسی طرح انہوں نے شکوہ کیا کہ بعض لوگ انہیں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل اور پاکستانی ہاکی فیڈریشن کا صدر سید عارف حسن سمجھ بیٹھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ بہت بڑے اداکار نہیں ہیں، زندگی تماشا سے قبل انہوں نے صرف چند تھیٹرز میں کام کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 1990 کی دہائی میں تھیٹرز کیے تھے جب کہ آخری بار انہوں نے 11 ستمبر 2001 کو یعنی نائن الیون والے دن صحافی محمد حنیف کے لکھے گئے تھیٹر میں پرفارمنس کی تھی۔

عارف حسن کے مطابق انہیں فلموں میں اداکاری کا زیادہ تجربہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ بڑے اداکار ہیں لیکن بطور تھیٹر آرٹسٹ اداکاری کرنا ان کا جذبہ رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024