• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm

سعدیہ امام کا جنات سے باتیں کرنے کا دعویٰ

شائع October 7, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ سعدیہ امام نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جنات سے نہیں ڈرتیں بلکہ ان سے باتیں تک کرتی ہیں اور کبھی کبھار انہیں اپنے ساتھ ٹی وی دیکھنے کا مشورہ تک دیتی ہیں۔

سعدیہ امام حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں دیگر مہمانوں سمیت انہوں نے بھی جنات سے متعلق اپنے تجربات بیان کیے۔

سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ جنات حقیقت ہیں، ان سے انکار نہیں کیا جا سکتا یہ باتیں ہمیں ہمارے بزرگ تک بتاتے تھے۔

ان کے مطابق ماضی میں بزرگ کہا کرتے تھے کہ گوشت کھاتے وقت ہڈی میں تھوڑا گوشت رہنے دیا کریں کیوں کہ وہ کسی اور کا حصہ ہوتا ہے، اسی طرح ماضی میں ہر جمعرات کو میٹھا پکانے کی ہدایت کی جاتی تھی اور پھر کچھ کھانے کو چھت پر رکھنے کا کہا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہڈی میں بچے ہوا گوشت یا بچے ہوئے کھانے کو چھت پر رکھنے کا مشورہ بزرگ افراد اس لیے دیتے تھے کہ انہیں پتا تھا کہ ہمارے ساتھ کوئی بھی رہتا ہے اور وہ حصہ ان کا ہے۔

سعدیہ امام نے ڈرامے کی شوٹنگ کا ایک واقعہ بتاتے ہوئے بتایا کہ وہ جب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں شوٹنگ کے لیے گئیں تو جنات نے صبح سویرے ان پر حملہ کردیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ سو رہی تھیں کہ اچانک کسی نے ان کی ٹانگیں پکڑلیں، جس پر انہوں نے قرآنی آیات پڑھ کر زور سے ان آیات کو ان کی جانب پھینکا، جس کے بعد کمرے کی تمام لائٹس ہلنے لگیں اور کمرے کا شیشہ تک ٹوٹ گیا اور انہوں نے ان کی ٹانگیں چھوڑ دیں۔

ان کے مطابق عین اسی وقت انہیں ان کے مرشد کا فون آیا، جنہوں نے ان سے خیریت دریافت کی اور مرشد کے فون آنے پر وہ حیران رہ گئیں کہ انہیں کیسے پتا چلا کہ ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے؟

اسی طرح انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بچپن سے ہی بہادر تھیں، انہیں والدین نے کبھی جنات سے ڈرنا سکھایا ہی نہیں بلکہ وہ انہیں تلقین کیا کرتے تھے کہ ان کا خیال رکھا کریں۔

ان کے مطابق وہ اپنے گھر میں جنات سے باتیں کرتی ہیں، جب وہ کمرے میں بیٹھی ہوتی ہیں اور انہیں کچن سے آوازیں آتی ہیں تو وہ انہیں زور سے کہتی ہیں کہ کچن استعمال کرنے پر پابندی نہیں ہے لیکن اسے گندا نہیں کرنا اور صفائی کا خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض مرتبہ جب وہ صبح کو سویرے اٹھیں تو انہوں نے کچن میں گندگی دیکھی، جس پر انہوں نے نوکرانی سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے چائے نہیں بنائی، آپ ان سے پوچھیں جن سے آپ باتیں کرتی ہیں۔

سعدیہ امام نے دعویٰ کیا کہ بعض اوقات جب وہ ٹی وی دیکھ رہی ہوتی ہیں تو وہاں کوئی نہ کوئی آجاتا ہے، جس پر وہ انہیں ساتھ بیٹھ کر ٹی وی سیریل دیکھنے کی دعوت دیتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے اُن سے (جنات) سے بات کرنے پر بعض لوگ انہیں پاگل بھی قرار دیتے ہیں۔

اسی طرح انہوں نے ایک واقعہ بتایا کہ ماضی میں وہ متعدد اداکاروں کے ہمراہ ایک جگہ شوٹنگ پر گئیں، جہاں ہر چیز اچانک غائب ہونے لگی، جس کے بعد وہ سمجھ گئیں کہ معاملہ کیا ہے۔

سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ اگلے روز انہوں نے مرحوم اداکار منو بھائی کے ہمراہ اس جگہ پر شوٹنگ پر آتے وقت اُن (جنات) کے لیے مٹھائیاں خریدیں اور گھر میں آکر انہیں کہا کہ اداکاروں کو تنگ نہ کیا جائے، وہ صرف شوٹنگ کرکے چلے جائیں گے، اب وہ ان سے باقائدہ ان کے گھر میں شوٹنگ کرنے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی اور منو بھائی کی جانب سے جنات سے بات کرنے پر وہاں موجود دیگر لوگ انہیں پاگل قرار دیتے رہے اور ان پر ہنسنے بھی لگے۔

ساتھ ہی سعدیہ امام نے دعویٰ کیاکہ ان کی جانب سے جنات سے شوٹنگ کی اجازت مانگے جانے کے بعد وہاں کوئی مسئلہ نہیں ہوا، پھر کوئی چیز غائب نہ ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024