• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

ورلڈ کپ 2023: سری لنکا کے خلاف رضوان، عبداللہ کی سنچریاں، ریکارڈ 345 رنز کا ہدف عبور

شائع October 10, 2023 اپ ڈیٹ October 11, 2023
عبداللہ شفیق نے تیین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
عبداللہ شفیق نے تیین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے تیسری وکٹ کے لیے 176 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے تیسری وکٹ کے لیے 176 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے—فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن بلے باز کوشل مینڈس کا سنچری بنانے کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن بلے باز کوشل مینڈس کا سنچری بنانے کے بعد ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ 2023 کے اہم میچ میں پاکستان نے عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت سری لنکا کے خلاف 345 رنز کے ریکارڈ ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی جو قومی ٹیم کی عالمی کپ میں لگاتار دوسری کامیابی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میگا ایونٹ کا 8واں میچ حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں کوشل پریرا کھاتا کھولے بغیر ہی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

محض پانچ رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد پاتھم نیسانکا کا ساتھ دینے کوشل مینڈس آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

پاکستان کو جلد ہی دوسری وکٹ لینے کا موقع بھی ملا لیکن امام الحق نے مینڈس کا آسان کیچ گرا دیا اور یہ غلطی بعد میں بہت مہنگی ثابت ہوئی۔

مینڈس اور نیسانکا نے عمدہ کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔

میچ دیکھنے کے لیے حسن علی کی اہلیہ بھی میدان میں موجود تھیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ دیکھنے کے لیے حسن علی کی اہلیہ بھی میدان میں موجود تھیں— فوٹو: اے ایف پی

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاداب کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں 51 رنز بنانے والے نسانکا کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کوشل مینڈس کا ساتھ دینے سدیرا سمارا وکراما آئے اور دونوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے رنز بننے کی رفتار میں کمی نہ آنے دی اور تمام پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں بالخصوص مینڈس نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہےکہ انہوں نے 69 گیندوں پر 111 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران مینڈس نے حسن علی کو چھکا لگا کر اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔

پاکستان کے حسن علی نے چار وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے حسن علی نے چار وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی

حسن کے اگلے اوور میں مینڈس نے انہیں مزید دو چھکے لگائے لیکن ایک اور ایسی کوشش میں باؤنڈری پر کھڑے امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 77 گیندوں پر 6 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 122 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور حسن علی نے رضوان کے عمدہ کیچ کی مدد سے چارتھ اسالانکا کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

دوسرے اینڈ سے سمارا وکراما نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور دھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑنے کے ساتھ ساتھ اپنی ففٹی بھی مکمل کر لی۔

سماراوکراما کو آؤٹ کرنے کے بعد حسن علی انہیں سنچری بنانے پر سراہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
سماراوکراما کو آؤٹ کرنے کے بعد حسن علی انہیں سنچری بنانے پر سراہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کو پانچویں کامیابی اس وقت ملی جب دھننجیا ڈی سلوا 25 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔

سمارا وکراما نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنائی لیکن دوسرے اینڈ سے شاہین آفریدی نے داسن چناکا کو چلتا کردیا۔

سمارا وکراما کی عمدہ اننگز کا خاتمہ اس وقت ہوا جب وہ 108 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

اختتامی اوورز میں سری لنکن بلے باز زیادہ تیزی سے بیٹنگ نہ کر سکے اور 6 کی اوسط سے رنز بنائے۔

حارث رؤف نے آخری اوور میں ایک رن دے کر دو وکٹیں لیں اور سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔

یہ پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میں بننے والا سب سے بڑا اسکور تھا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 4 اور حارث رؤف نے دو وکٹیں لیں۔

پاکستان نے ہدف کا آغاز کیا تو پاکستانی اوپنر نے ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تجربہ کار امام الحق نے بیٹنگ میں اپنی ناکامی جاری رکھی اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آؤٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ امام الحق کی صورت میں 16 رنز پر گری، امام نے 12 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز بنائے تھے۔

امام الحق اس مختصر اننگز کے دوران ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے اور کپتان بابراعظم کو پیچھے چھوڑ دیا۔

امام الحق نے گزشتہ ماہ 6 ستمبر کو ایشیا کپ کے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف نصف سنچری بنائی تھی تاہم اس سے قبل دو میچوں بھی میں ناقص بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر آخری 7 اننگز میں صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے اور گزشتہ تین میچوں میں مسلسل ناکام رہے ہیں۔

کپتان بابر اعظم بھی ناکام ہوئے اور ایک آسان گیند پر وکٹ کیپر سماراوکراما کو کیچ دے گئے، ان کی اننگز 15 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 10 رنز پر مشتمل تھی۔

کپتان بابراعظم کی ناقص فارم کا سلسلہ بھی دراز ہوتا جا رہا ہے اور مسلسل پانچویں اننگز میں ناکام ہوگئے ہیں اور اپنی روایتی بیٹنگ سے بہت دور ہوگئے ہیں۔

عبداللہ اور رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 100 رنز کی ساجھے داری بنائی اور اس دوران عبداللہ نے ورلڈ کپ میں ملنے والے پہلے ہی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی۔

عبداللہ نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی اور اس کے ساتھ ہی ورلڈکپ ڈیبیو میں پاکستان کی طرف سے سنچری اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

ان سے قبل ورلڈکپ ڈیبیو پر سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ محسن خان کے پاس تھا جنہوں نے 1983 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا ہی کے خلاف 82 رنز کی باری کھیلی تھی۔

عبداللہ شفیق نے 103 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار باری کھیلی لیکن 2013 کے مجموعی اسکور پر پوائنٹ پر کھڑے متبادل فیلڈر مادی ہمانتھا نے خوبصورت کیچ لے کر عبداللہ کی اننگز کے ساتھ ساتھ بہترین شراکت کا بھی خاتمہ کردیا۔

محمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے تیسری وکٹ کے لیے 176 رنز کی شراکت قائم کی۔

عبداللہ کے آؤٹ ہونے کے بعد رضوان نے تیز کھیلنے کی ذمے داری سنبھالی اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی لیکن اس دوران کریمپس پڑنے کی وجہ سے انہیں کئی مرتبہ طبی امداد لینی پڑی اور رننگ میں مشکل کا سامنا رہا۔

وکٹ کیپر بلے باز نے انجری کے باوجود جرات مندی سے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سنچری کی اور پاکستان کی فتح کی امیدوں کو روشن کردیا۔

سعود شکیل گزشتہ اننگز کے برعکس اس میچ میں کچھ بجھے بجھے نظر آئے اور ان کے دو کیچ بھی ڈراپ ہوئے لیکن وہ ان مواقع سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکے اور 31 رنز بنانے کے بعد مہیش تھکشانا کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں مزید کوئی مشکل پیش نہ آئی اور رضوان نے چوکا لگا کر پاکستان کو 10 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

یہ ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے۔

مین آف دی میچ محمد رضوان 121 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 131 رنز بنائے۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان )، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف

سری لنکا: داسن شانکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، کوسل پریرا، کوسل مینڈس، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، دونتھ ویلالج، مہیش تھیکشانا، دلشان مدوشنکا، میتھیشا پتھیرانا

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024