• KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm
  • KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm

بھارت میں فلم کامیاب کرنے کیلئے اس میں پاکستان مخالف مواد شامل کرنا لازمی ہوتا ہے، فیصل قریشی

شائع October 16, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

مقبول اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں کسی بھی فلم کو کامیاب کرنے کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ اس میں پاکستان مخالف مواد شامل کیا جائے اور پاکستان کو کم تر دکھایا جائے۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی اداکاری سمیت بولی وڈ اور ہولی وڈ میں کام کرنے اور نہ کرنے کے تجربے سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکار نے بتایا کہ وہ بچپن سے شوبز میں کام کرتے آرہے ہیں، انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا اور اسکول سے لے کر کالج کے زمانے تک وہ کمرشلز اور ٹیلی وژن پر کام کرتے رہے۔

ان کے مطابق ان کی پیدائش پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہوئی، ان کے والد اردو زبان بولنے والے جب کہ والدہ میمن تھیں، وہ پنجابی نسل سے تعلق نہیں رکھتے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ کالج میں تعلیم کے دوران ہی انہوں نے فلموں میں اداکاری کرنا شروع کی اور 1992 سے لے کر 1996 تک انہوں نے کم عمری میں 19 فلموں میں کام کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کی عمر 19 سال ہوئی تو ان کے والد برین ہیمبرج کے باعث انتقال کرگئے، جس کے بعد انہوں نے اور ان کی والدہ نے انتہائی سخت مالی مشکلات کا بھی سامنا کیا۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ جب ان کی پہلی فلم ریلیز ہوئی تو اس وقت ان کے والد بیماری کے بستر پر تھے اور وہ کوما میں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ والد کے علاج کے لیے ان کی والدہ کو تمام ملکیت فروخت کرنی پڑی اور والدہ نے بھی اداکاری کرکے پیسے کمائے لیکن اس کے باوجود ان کے والد کی زندگی نہ بچ سکی۔

اداکار کے مطابق وہ والدین کی اکلوتی اولاد ہیں اور جب والد کا انتقال ہوا تو انہیں مکان مالک نے وقت پر کرایہ نہ ادا کرنے کے باعث گھر سے نکال دیا تھا اور ان کا سامان باہر پھینک دیا گیا۔

پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے فیصل قریشی نے بتایا کہ کچھ سال قبل ان کا خطرناک روڈ حادثہ بھی ہوا جس میں ان کا سرویکل (cervical) شدید متاثر ہوا اور وہ چار ماہ تک بستر تک محدود رہے۔

انہوں نے خطرناک روڈ حادثے میں زندگی بچ جانے پر خدا کے شکرانے بھی ادا کیے اور کہا کہ اس کے بعد ان کا وزن بھی بڑھ گیا تھا اور وہ ماضی میں آج کے مقابلے زائد العمر نظر آتے تھے لیکن اس کے بعد انہوں نے اپنی فٹنس پر توجہ دی۔

فلموں میں کام کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں متعدد پیش کش ہوئیں ہیں لیکن فوری طور پر ان کا فلموں میں کام کرنے کا ارادہ نہیں البتہ ’ونڈو‘ کے نام سے ان کی ایک عالمی فلم ریلیز ہونے والی ہے۔

اسی دوران بولی وڈ میں کام نہ کرنے کے سوال پر فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ انہوں نے آج تک بھارت میں کام نہیں کیا، کیوں کہ ان کی وہاں کے فلم سازوں سے نہیں بنتی، وہ ہر بات کھلے عام کہنے کی عادی ہیں، جس وجہ سے ان کے بھارتی مداح بھی ان سے ناراض رہتے ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ بھارت میں اگر کسی کو بھی اپنی فلم کو کامیاب کرانا ہوتا ہے تو وہ اس میں پاکستان مخالف مواد شامل کر دیتے ہیں، وہ پاکستان کو گالی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی نیٹ فلیکس سیریز ہوں یا فلمیں وہ اس وقت ہی کامیاب ہوتی ہیں جب ان میں پاکستان مخالف مواد شامل کیا جاتا ہے۔

فیصل قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان میں شاہ رخ خان کی فلموں کو سپورٹ کیا جاتا ہے لیکن انہوں نے بھی بعد میں وہ کام کیا اور پاکستان مخالف مواد تیار کرنے لگے۔

اداکار کا اشارہ شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ’چلی انٹرٹینمنٹ‘ کی جانب سے ’بارڈ آف بلڈ‘ نامی ویب سیریز کی جانب تھا، جس کا موضوع پاکستان مخالف ہے۔

مذکورہ ویب سیریز کا ٹریلر ریلیز کرنے کے موقع پر 2019 میں اس وقت کے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھی شاہ رخ خان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا تھا کہ وہ پاکستان مخالف مواد بنانے سے قبل بھارت کے گرفتار کیے گئے جاسوس کلبھوشن یادیو کو یاد کرلیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024