• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

’فلک جیسا شوہر ہو تو کس کو ڈاکٹر کی ضرورت ہے‘، علیل ہونے کے بعد سارہ خان کا تبصرہ

شائع October 19, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٹی وی ڈراموں کی مقبول اداکارہ سارہ خان نے علیل ہونے کی خبروں کے بعد مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلک شبیر جیسا شوہر ہو تو کس کو ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔ ’

یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو سارہ خان کے شوہر اور گلوکار فلک شبیر نے انسٹاگرام اسٹوری پر سارہ خان کی میڈیکل چیک اپ کی تصویر شیئر کی تھی، جس میں اداکارہ کو ہسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

سارہ خان کی شیئر کردہ تصویر سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکارہ ایم آر آئی یا سی ٹی اسکین سمیت اسی طرح کے کسی دوسرے میڈیکل ٹیسٹ کے لیے بستر پر موجود ہیں۔

فلک شبیر نے اہلیہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے خیریت کے لیے دعا کی اپیل کی تھی، تاہم انہوں نے اہلیہ کی بیماری یا چیک اپ سے متعلق کوئی معلومات شیئر نہیں کی تھی۔

اداکارہ کی علالت کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور انہوں نے سارہ خان کی مکمل صحت یابی کے لیے دعائیں کی تھیں۔

تاہم اب ایک روز بعد سارہ خان نے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’جب اس طرح کا وقت آتا ہے تو ہمیں احساس ہوتا ہے کہ مداح اور دوست ہمارے لیے کتنے معنی رکھتے ہیں، تمام محبتوں اور دعاؤں کے لیے آپ سب کا شکریہ۔‘

انہوں نے اپنی صحت سے متعلق بتایا کہ وہ اب گھر میں ہیں اور بہتر محسوس کر رہی ہیں۔

اس کے علاوہ سارہ خان نے مزید لکھا کہ ’جب آپ کے پاس فلک شبیر جیسا شوہر ہو تو کس کو ڈاکٹر کی ضرورت ہے، الحمداللہ‘۔

البتہ اداکارہ ہسپتال کیوں گئی تھیں اس حوالے سے جوڑے نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

سارہ خان اور فلک شبیر جولائی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے ہاں اکتوبر 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

شادی کے بعد اگرچہ سارہ خان کئی ڈراموں میں دکھائی دیں مگر حمل ٹھہرنے اور بچی کی پیدائش کے بعد وہ اسکرین سے دور ہیں۔

تاہم اداکارہ اشتہارات سمیت شوبز تقریبات میں دکھائی دیتی ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024