• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

بیوہ ہوئی تو دوبارہ شادی نہ کرسکی، بیٹی کی دوسری کروادی، غزالہ جاوید

شائع October 25, 2023
—فوٹو: سما ٹی وی، فیس بک
—فوٹو: سما ٹی وی، فیس بک

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کرنے والی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے جب وہ بیوہ ہوئیں تو دوسری بار شادی نہ کر سکیں لیکن جب ان کی بیٹی بیوہ ہوئی تو انہوں نے ان کی دوسری شادی کروا دی۔

غزالہ جاوید کا شمار 1990 کی مقبول ٹی وی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے متعدد مشہور ڈراموں میں کردار ادا کیے۔

غزالہ جاوید نے زیادہ تر معاون کردار ادا کیے جب کہ حالیہ ڈراموں میں انہیں والدہ اور ساس جیسے کردار دیے جاتے ہیں۔

انہوں نے تقریباً 4 درجن کے قریب ڈراموں میں کردار ادا کیے اور شاندار اداکاری پر انہیں متعدد ایوارڈز بھی دیے گئے۔

حال ہی میں انہوں نے مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی اور ساتھ ہی خواتین کے بیوہ ہونے کے بعد ان پر پڑنے والے دباؤ پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ جوانی میں ان کے شوہر کا انتقال ہوگیا تھا اور اس وقت ان کا بیٹا دوسری جماعت کا طالب علم تھا، انہیں یہ بھی علم نہیں تھا کہ موت کیا چیز ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوہر کی وفات کے بعد ہی انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ اپنی اولاد کی بہتر پرورش کریں گی اور کسی سے بھی کوئی مدد نہیں لیں گی۔

ان کے مطابق انہوں نے میکے والوں سمیت سسرال والوں سے بھی مدد نہ لینے کا فیصلہ کیا اور شوہر کی وفات کے بعد اپنا گھر کرائے پر دے کر خود چھوٹے گھر میں رہنے لگیں اور ٹی وی پر انہوں نے کام کرنا زیادہ کردیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اولاد کے بعد والدہ کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، وہ بہت سارے ایسے کام نہیں کر پاتی جو وہ کرنا چاہتی ہیں۔

ان کے مطابق شوہر کے انتقال کے بعد انہوں نے دوسری شادی کرنے کا رسک نہیں لیا، وہ سوچتی تھیں کہ ان کے پاس تجربے کرنے کا وقت نہیں، اگر دوسرا شخص غلط نکلا تو ان کے بچوں اور ان کی زندگی بھی خراب ہوجائے گی۔

ساتھ ہی غزالہ جاوید نے کہا کہ بہت ساری عورتیں بیوہ بننے کے بعد خود دوسری شادی نہیں کرتیں لیکن مرد فوری طور پر شادی کرلیتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ خواتین کو ایسا نہیں کرنا چاہیے، اگر انہیں کوئی اچھا شخص اور ساتھی مل جاتا ہے تو انہیں دوسری بار بھی شادی کرلینی چاہئیے لیکن انہوں نے اس لیے نہی کی کہ ان پر تین بچوں کی پرورش کی ذمہ داری تھیں اور پھر ان کے والدین بھی نہیں تھے، جس وجہ سے انہوں نے دوسری شادی کا رسک نہیں لیا۔

غزالہ جاوید کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ان کی بڑی صاحبزادی کی زندگی بھی ان کی ہی طرح ہے اور ان کا شوہر بھی جوانی میں انتقال کر گیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب ان کی بیٹی 30 سال سے بھی کم عمر تھیں اور ان کے تین بچے تھے تب ان کے شوہر انتقال کر گئے تھے لیکن انہوں نے اپنی بیٹی کی دوسری شادی کروائی۔

ان کے مطابق دوسری شادی کی بات پر ان کی بیٹی رضامند نہیں ہو رہی تھی، انہیں بھی اپنے بچوں کی فکر تھی لیکن چوں کہ وہ ایک عمل سے گزر چکی تھیں اور وہ ماں تھیں، اس لیے بیٹی کا درد سمجھ گئیں اور ان کی دوسری شادی کروادی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کے شریک حیات بننے والے شخص مسیحا نکلے، وہ پہلے بھی شادی شدہ اور بچوں کے والد تھے لیکن انہوں نے ان کی بیٹی سے بھی شادی کی اور دونوں بیویوں کے بچوں کو ایک ہی نظر سے رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ان کی بیٹی دوسری شادی کے لیے تیار نہ تھیں اور وہ کچھ وقت تک روتی رہیں لیکن اب وہ اپنے شوہر کے ساتھ خوش ہیں اور ان کی زندگی اچھی گزر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024