• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm

ڈپریشن کو مذہب سے دوری نہ کہنے پر نور بخاری کی شوبز شخصیات پر کڑی تنقید

شائع November 2, 2023
—فائل فوٹو: ایکس
—فائل فوٹو: ایکس

کچھ روز قبل اداکارہ زارا نور عباس، انوشے اشرف اور طوبیٰ انور کی جانب سے ’ڈپریشن کو مذہب سے دوری‘ کے بجائے ’حقیقی بیماری‘ قرار دینے کے بعد سابق اداکارہ نور بخاری نے کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں ’سنگدل شخصیات‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک جوان بیٹے کے انتقال پر ڈپریشن کو موضوع بحث نہیں بنانا چاہیے۔

یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب 29 اکتوبر کو صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقے تلمبہ میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل نے خودکشی کرلی تھی۔

مولانا طارق جمیل نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر 29 اکتوبر کی شب بیٹے کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

بعد ازاں مرحوم کے بڑے بھائی مولانا یوسف جمیل نے ویڈیو پیغام میں عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرا بھائی عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کا مریض تھا، تو دوسری جانب مولانا طارق جمیل نے تصدیق کی تھی کہ ان کے بیٹے ’ **ڈسلیکسیا‘** (dyslexia) کے مریض تھے۔

واقعے کے بعد زارا نور عباس، طوبیٰ انور اور انوشے اشرف نے زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ تمام لوگ جو کہتے ہیں کہ ڈپریشن دین سے دوری کی وجہ سے ہوتا ہے، براہ کرم مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی مثال لیں جو ڈپریشن میں مبتلا تھے حالانکہ ان کے والد مذہبی اسکالر ہیں اور ان کے گھر میں بھی مذہبی سرگرمیاں ہوتی ہوں گی۔‘

اداکاروں نے کہا تھا کہ ’ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ڈپریشن کسی بھی دوسری بیماری کی طرح ایک حقیقی بیماری ہے، براہ کرم اگر اس بیماری میں کوئی مبتلا ہے تو کسی دوسرے انسان کی مدد ضرور لیں۔‘

جس کے بعد ماضی کی نامور اداکارہ اور فلم اسٹار نور بخاری نے انسٹاگرام اسٹوری پر مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بدقسمتی سے کچھ سنگدل مشہور شخصیات نے لکھنا شروع کر دیا ہے کہ ڈپریشن کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے اور مولانا کے مرحوم بیٹے کی مثال دے رہی ہیں، ہم معافی چاہتے ہیں لیکن انہیں کوئی شرم نہیں آتی۔‘

اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نور بخاری کو سمجھنا چاہیے ڈپریشن حقیقی بیماری ہے، ہر ایک بات پر تنقید کرنے کی ضرورت نہیں، سیاق و سباق اور پیغام تو سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔’

صارفین جانب سے تنقید کے بعد گلیکسی لولی وڈ کی انسٹاگرام پوسٹ پر نور بخاری نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کبھی نہیں کہا کہ ڈپریشن حقیقی بیماری نہیں ہے، لیکن یہ وقت اس بحث کا نہیں ہے جہاں ایک جانب جوان بیٹے کا انتقال ہوگیا ہے اور ہم یہاں تنقید کررہے ہیں کہ ڈپریشن حقیقی بیماری ہے۔ . انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں ایسی کوئی بیماری نہیں جس کا علاج خدا کے کلام میں نہ ہو یا وہ اسے ٹھیک نہ کرسکے، میرا ایمان کمزور نہیں اور میں حق بات کرتی رہوں گی چاہے آپ کو کتنا بھی بُرا لگے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024