• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:21pm

پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ آسکر کی دوڑ سے باہر

شائع December 22, 2023
— پرومو فوٹو
— پرومو فوٹو

ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ آسکر کی دوڑ سے باہر ہوگئی، پاکستانی فلم پہلے ہی مرحلے میں آئوٹ ہوئی۔

’ان فلیمز‘ کو آسکر ایوارڈز کے لیے پاکستانی جیوری نے اکتوبر میں شارٹ لسٹ کرکے بھیجا تھا اور اکیڈمی نے 21 دسمبر کو 10 کیٹیگریز کی شارٹ لسٹ فلموں کا اعلان کیا، جس میں پاکستانی فلم جگہ نہ بنا سکی۔

آسکر کی دوڑ سے نکلنے والی پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ متعدد عالمی ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہے اور اسے متعدد فلمی میلوں میں بھی دکھایا جا چکا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق آسکر کی جانب سے دیگر کیٹیگریز کے ساتھ ساتھ عالمی فیچر فلموں کا بھی اعلان کیا، جس میں 15 ممالک کی فلموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

بدقسمتی سے 15 عالمی فیچر فلموں میں پاکستانی فلم ’ان فلیمز‘ جگہ نہ بنا سکی جب کہ بھارت اور ایران سمیت دیگر ممالک کی کوئی بھی فلم ٹاپ 15 فلموں میں شامل نہ ہوسکی۔

حیران کن طور پر ٹاپ 15 فلموں میں بھوٹان کی دی مانک اینڈ دی گن نامی فلم جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی لیکن اس کے ایوارڈ جیتنے کے امکانات کم ہیں۔

پاکستانی فلم کا مقابلہ دنیا کی 150 سے زائد فلموں سے تھا لیکن اب عالمی فیچر فلم کے ایوارڈ کے لیے 10 ممالک کی فلموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

آسکر کی جانب سے شارٹ لسٹ کی گئی 15 عالمی فیچر فلموں میں آرمینیا، ڈنمارک، بھوٹان، فن لینڈ، فرانس، جاپان، جرمنی، آئس لینڈ، اٹلی، میکسیکو، مراکش، اسپین، تیونس، یوکرین اور برطانیہ کی فلمیں شامل ہیں۔

آسکر کی 96 ویں سالانہ ایوارڈز تقریب مارچ 2024 میں امریکا میں ہوگی۔

خیال رہے کہ ’ان فلیمز‘ کی کہانی ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے جو گھر کے مرد سرپرست کی موت کے بعد زندگی کو آگے بڑھانے کے دوران مشکلات اور مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔

فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں، اس کی کہانی انتہائی سادہ مگر آرٹ سے بھرپور رکھی گئی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ جڑے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔

فلم کی کہانی ضرار خان نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں، فلم کی مکمل شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور اس کی کاسٹ میں شامل زیادہ اداکار بھی سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

فلم کی مرکزی اداکارہ بختاور مظہر پلیجو ہیں جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر اور سابق وزیر ثقافت سندھ سسی پلیجو کی بہن ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024