• KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm
  • KHI: Asr 4:35pm Maghrib 6:14pm
  • LHR: Asr 4:01pm Maghrib 5:41pm
  • ISB: Asr 4:05pm Maghrib 5:45pm

سال 2023 میں ہم سے بچھڑنے والی نامور شوبز شخصیات

زندگی رواں دواں رہے گی، ایک لہر کی جگہ دوسری لہر آجائے گی، مگر ان فنکاروں کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں کو گرماتی رہیں گی۔
شائع December 28, 2023

سال 2023 پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے بہت مشکل رہا کیونکہ اس سال بہت سے تجربہ کار پاکستانی اداکار انتقال کر گئے، نئے سال میں ہمیں ان کی کمی کا احساس بہت ستائے گا، وہ اداکار اب دوبارہ اسکرین پر نظر نہیں آئیں گے، اسٹیج پر اب کبھی نہیں گائیں گے۔

نیا سال اپنے ساتھ نئی محفلیں، نئی رونقیں لائے گا، ان محفلوں کے اپنے ڈھنگ، اپنے رنگ ہوں گے مگر ان رنگوں میں ایک کمی کا احساس ہمیں ستائے گا، یہ احساس ان فنکاروں کی یادیں ہوں گی جو نئے برس کا سورج نہیں دیکھ سکے۔

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر 80 کی دہائی میں نشر ہونے والی ڈراما سیریز ’ففٹی ففٹی‘ سے شہرت پانے والے مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعد 10 جنوری 2023 کو لاہور میں انتقال کرگئے تھے۔

انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام انتہائی کسم پُرسی میں گزارے، گزشتہ ماہ گرنے سے ان کی کمر کے مہروں میں فریکچر ہوگیا تھا، انہیں سانس کی بیماری کی تکلیف بھی تھی جو وقت کے ساتھ ساتھ سنگین ہوگئی تھی۔

  اداکار ماجد جہانگیر—فائل فوٹو: ایکس
اداکار ماجد جہانگیر—فائل فوٹو: ایکس

لگ بھگ ایک دہائی قبل معروف گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے کے ساتھ ’اپنے اُلو کتنے ٹیڑھے، اب تک ہوئے نہ سیدھے‘ گانے سے شہرت حاصل کرنے والے بلوچ لوک فنکار واسو خان طویل علالت کے بعد سکھر کے ایک ہسپتال میں 24 فروری 2023 کو انتقال کر گئے تھے۔

واسو خان ذیابیطس سمیت سانس کی بیماریوں کا شکار تھے، اگست 2020 میں ان کی کسمپرسی میں زندگی گزارنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد بلوچستان حکومت نے ان کی مالی مدد کی تھی۔

  بلوچ لوک فنکار واسو خان—فائل فوٹو: ایکس
بلوچ لوک فنکار واسو خان—فائل فوٹو: ایکس

ممتاز شاعر، ڈراما نویس، کالم نگار امجد اسلام امجد 10 فروری 2023ء کو انتقال کرگئے تھے۔

انہوں نے اپنے باکمال اشعار اور یادگار ڈراموں سے اردو زبان و ادب کے وقار میں اضافہ کیا۔

فن شاعری اور ڈراما نویسی کے ہنر نے ان کی مقبولیت کو اوج بخشا۔ پاکستانی ناظرین کو ’وارث‘ جیسا پلے دینے والے امجد اسلام امجد پی ٹی وی اور اردو سائنس بورڈ میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انہیں تمغہِ حسن کارکردگی اور ستارہِ امتیاز سے نوازا گیا۔

  ڈراما نویس، کالم نگار امجد اسلام امجد—فائل فوٹو: ایکس
ڈراما نویس، کالم نگار امجد اسلام امجد—فائل فوٹو: ایکس

عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، اداکار اور میزبان ضیا محی الدین 91 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہو جانے سے 13 فروری 2023 کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔

ضیاء محی الدین اپنے آپ میں ایک اکیڈمی تھے، انہوں نے پوری لگن اور محبت کے ساتھ فن اور ثقافت کی خدمت کی۔

وہ اردو ادب کے فن پارے اپنی خوب صورت آواز میں پیش کرنے میں بھی ماہر تھے، انہیں 2012 میں ہلال امتیاز ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

  اداکار اور میزبان ضیا محی الدین—فائل فوٹو: ایکس
اداکار اور میزبان ضیا محی الدین—فائل فوٹو: ایکس

پاکستان کے معروف ٹیلی ویژن اداکار قوی خان 80 برس کی عمر میں 6 مارچ 2023 کو کینیڈا میں انتقال کر گئے تھے، اداکار جگر کے کینسر میں مبتلا تھے۔

قوی خان پاکستان ٹیلی وژن کی پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

  اداکار قوی خان—فائل فوٹو: ایکس
اداکار قوی خان—فائل فوٹو: ایکس

7 مئی 2023 کو پاکستانی ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار شبیر رعنا انتقال کر گئے، وہ کئی سالوں سے بیمار تھے۔ ان کے ڈراموں میں جیکسن ہائٹس، اب کر میری رفوگری، اور قائد تنہا شامل ہیں۔

  سینئر اداکار شبیر رعنا—فائل فوٹو: ایکس
سینئر اداکار شبیر رعنا—فائل فوٹو: ایکس

15 مئی 2023 کو معروف اداکار و ڈرامہ نویس شعیب ہاشمی 84 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، پی ٹی وی کے ابتدائی دور میں ان کے پروگرامز عوام میں بہت مقبول ہوئے تھے۔

اردو میں ڈراما نگاروں اور ڈراموں کی اشاعت کی کمی کی وجہ سے انہوں نے مقامی تھیٹرز کے لیے انگریزی ڈراموں کے کئی ترجمے کیے۔

  ڈرامہ نویس شعیب ہاشمی—فائل فوٹو: ایکس
ڈرامہ نویس شعیب ہاشمی—فائل فوٹو: ایکس

ماضی کا مقبول گانا ’پانی دا بلبلا‘ سے شہرت پانے والے پاکستانی گلوکار یعقوب عاطف 12 مئی 2023 کو لاہور میں حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب انتقال کر گئے تھے۔

وہ ایک باصلاحیت تجربہ کار پاکستانی گلوکار تھے جو اپنی پرجوش اسٹیج پرفارمنس کی وجہ سے مشہور تھے۔

ماضی میں فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں انہوں نے ایک معمولی چپراسی سے لے کر بادشاہ کا کردار بھی اداکیا، انہوں نے پی ٹی وی کے ڈرامے وارس، اندھیرا اجالا، آج دی کہانی کے علاوہ پپو لاہوریا جیسی فلموں میں کام کیا۔

  گلوکار یعقوب عاطف—فائل فوٹو: ایکس
گلوکار یعقوب عاطف—فائل فوٹو: ایکس

29 جون 2023 کو پی ٹی وی کے تجربہ کار اداکار شکیل یوسف 85 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

شکیل یوسف پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کے ایک شاندار اداکار تھے جنہوں نے عروسہ، انکل عرفی، آنگن سمیت متعدد ہٹ پراجیکٹس میں کام کیا۔

انہیں 2015 میں اس وقت کے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ستارہِ امتیاز سے نوازا تھا۔

  اداکار شکیل یوسف—فائل فوٹو: ایکس
اداکار شکیل یوسف—فائل فوٹو: ایکس

پی ٹی وی کے ڈرامہ گیسٹ ہاؤس کے مشہور اداکار شبیر مرزا ستمبر 2023 کے اوائل میں انتقال کر گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کینسر کے مرض میں مبتلا تھے انہوں نے مشہور ڈرامے گیسٹ ہاؤس سے شہرت پائی تھی۔

زندگی رواں دواں رہے گی، ایک لہر کی جگہ دوسری لہر آجائے گی، مگر ان فنکاروں کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں کو گرماتی رہیں گی۔

  اداکار شبیر مرزا —فائل فوٹو: ایکس
اداکار شبیر مرزا —فائل فوٹو: ایکس