• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

ایرانی گلوکار کو مہسا امینی کی موت کے بعد احتجاجی ترانہ گنگنانے پر 3 سال قید کی سزا

شائع March 3, 2024

ایرانی پاپ گلوکار، جن کا گانا مہسا امینی کی موت کے بعد بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے دوران ایک ترانہ بن گیا تھا، کو 3 سال قید کی سزا سنائی دی گئی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ شیروین حاجی پور نے ستمبر 2022 میں مہسا امینی کی حراست میں ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے ملک گیر مظاہروں کے دوران ’بُرائے‘ (Baraye) لکھا اور گنگنایا تھا جسے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شئیر کیا۔

یاد رہے کہ سنہ 2022 میں اخلاقی پولیس کی حراست میں نوجوان خاتون مہسا امینی کی موت ہو گئی تھی جس کے بعد ایران میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، انھیں ’غیرمناسب حجاب‘ پہننے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

2 فروری کو گلوکار شیروین حاجی پور نے اپنے انسٹاگرام پیج پر کہا کہ انہیں ’قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور لوگوں کو فسادات پر اکسانے‘ کے جرم میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

انہیں ’حکومت کے خلاف پروپیگنڈا‘ کے جرم میں 8 ماہ کی سزا بھی سنائی گئی۔

یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ فیصلہ کب جاری کیا گیا، ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی سزا سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ایرانی قانون کے تحت جب کسی کو ایک سے زیادہ جیل میں قید کی سزائیں ملتی ہیں، تو وہ ان سزاؤں کو ایک ہی وقت میں پورا کرتے ہیں لہذا گلوکار شیروین حاجی پور تین سال جیل میں گزاریں گے۔

ان کا گانا ’بُرائے‘ مارچ 2023 میں نوروز کے موقع پر وائٹ ہاؤس کے جشن کے دوران چلایا گیا تھا، نوروز ایرانی کیلنڈر کے نئے سال کا پہلا روز ہے جس کا خیرمقدم ایران بھر میں پرمسرت تقریبات کے انعقاد سے کیا جاتا ہے۔

ایک ماہ قبل امریکی خاتون اول جِل بائیڈن نے شیروین حاجی پور کو سماجی تبدیلی کے لیے بہترین گانے کے لیے خصوصی گریمی ایوارڈ سے نوازا تھا اور انہوں نے اسے آزادی اور خواتین کے حقوق کے لیے ایک مضبوط پیغام قرار دیا۔

مہسا امینی کے بعد ہونے والے مظاہروں کے دوران شیروین حاجی پور کو احتجاج کے دوران کچھ دیر کے لیے گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

جنوری میں ایک ایرانی عدالت نے ایک اور پاپ گلوکارہ کو خواتین کے لیے لازمی حجاب پر تنقید کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024