• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

کینیڈین دستاویزی فلم نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کا ذمہ دار بھارتی وزیراعظم کو ٹھہرا دیا

شائع March 12, 2024
سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر۔ فاءل فوٹو
سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر۔ فاءل فوٹو

کینیڈین دستاویزی فلم میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا ذمہ دار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو قرار دے دیا گیا۔

کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی) نے دستاویزی فلم جامع تحقیقات کے بعد نشر کی جس میں کئی عینی شاہدین کے بیانات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

دستاویزی فلم میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے وقت کی خصوصی ویڈیو بھی شامل کی گئی ہے۔

دستاویزی فلم میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے واضح کیا کہ کوئی شک نہیں کہ نریندر مودی نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا حکم دیا تھا، انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سربراہ کو ان کے قتل کی بھی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ہردیپ سنگھ نجر کو، جسے بھارت نے مطلوب دہشت گرد قرار دیا تھا، 18 جون کو کینیڈا میں سکھوں کی سب سے بڑی آبادی والے شہر وینکوور کے مضافاتی علاقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

ہردیپ سنگھ نجر آزاد سکھ ریاست کے قیام کے پُرزور حامی تھے، بھارت نے ان پر بھارت میں دہشت گردی کے حملے کرنے کا الزام لگایا تھا جب کہ انہوں نے الزامات کی تردید کی تھی۔

سکھ رہنما کے قتل پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی جب کہ کینیڈا کی جانب سے دائیں بازو کے سکھ علیحدگی پسندوں کے معاملے پر بھارت ناخوش ہے۔

کینیڈین وزیر خارجہ میلانیا جولی نے کہا کہ یہ الزامات کہ غیر ملکی حکومت کا کوئی نمائندہ یہاں کینیڈا کی سرزمین پر کینیڈین شہری کے قتل میں ملوث ہو سکتا ہے، مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے سفارت کار کا نام لیے بغیر مزید کہا کہ اس لیے آج ہم نے ایک سینئر بھارتی سفارت کار کو کینیڈا سے نکال دیا ہے۔

ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کینیڈا کی سیکیورٹی ایجنسیاں بھارتی حکومت کے ایجنٹوں اور کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے درمیان ممکنہ تعلق کے معتبر الزامات کی مستعدی کے ساتھ پیروی کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا قانون کی حکمرانی والا ملک ہے، ہمارے شہریوں کا تحفظ اور ہماری خودمختاری کا دفاع بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے ہماری اولین ترجیحات یہ رہی ہیں کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اور سیکیورٹی ادارے تمام کینیڈین شہریوں کی مستقل سلامتی کو یقینی بنائیں اور دوسرا یہ کہ اس قتل کے مرتکب افراد کو پکڑنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی سرزمین پر کسی کینیڈین شہری کے قتل میں غیر ملکی حکومت کا کسی طرح بھی ملوث ہونا ہماری خود مختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت اس انتہائی سنگین معاملے پر اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور مسلسل رابطے میں ہے۔

جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ پرزور ترین الفاظ میں بھارتی حکومت سے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے کینیڈا کے ساتھ تعاون کرنے پر زور دے رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے کینیڈین، خاص طور پر بھارتی نژاد کینیڈین کمیونٹی کے ارکان ناراض اور شاید خوفزدہ محسوس کر رہے ہوں گے۔

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ پرسکون رہیں اور جمہوری اصولوں کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024