• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

آڈیشن دینے گیا تو فرش پر بیٹھنے کا کہا گیا، پینے کا پانی تک نہ دیا گیا، منیب بٹ

شائع May 3, 2024
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں آنے کے لیے جب وہ ایک بار آڈیشن دینے گئے تو انہیں کرسی سے اٹھ کر فرش پر بیٹھنے کا کہا گیا جب کہ انہیں پینے کا پانی تک نہ دیا گیا۔

اداکار کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہیں کیریئر کے ابتدائی دنوں میں بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

اداکار نے یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ایک بار جب وہ آڈیشن دینے گئے تو وہاں کام کرنے والے ایک ملازم نے انہیں کرسی سے اٹھنے کا کہا۔

منیب بٹ کے مطابق انہیں مذکورہ شخص نے کہا کہ وہ کرسی اداکاروں کے بیٹھنے کے لیے ہے، اس لیے آپ وہاں سے اٹھ کر فرش پر بیٹھ جائیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کرسی سے اٹھ کر سخت گرمی کے باوجود فرش پر بیٹھ گئے اور انہوں نے کوئی رد عمل دینا مناسب نہیں سمجھا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے اسی شخص سے پینے کے لیے پانی مانگا تو انہوں نے پانی دینے سے بھی انکار کردیا۔

منیب بٹ کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص ہر کسی کو پانی پلا رہا تھا لیکن جب انہوں نے ان سے پینے کے پانی مانگا تو اس نے انہیں جواب دیا کہ یہاں صرف اداکاروں کو پینے کے لیے پانی ملتا ہے۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ انہیں دوسروں کو پانی پلانے والے شخص نے جواب دیا کہ اگر انہیں پانی پینا ہے تو باہر ایک کولر پڑا ہوا ہے، وہاں سے جاکر پانی پئیں۔

ان کے مطابق پینے کے لیے پانی نہ ملنے کے بعد وہ وہاں سے اٹھ کر چلے آئے اور انہوں نے اس دن اپنے لیے بہت بے عزتی محسوس کی اور ان کا دل بھی ٹوٹ گیا۔

منیب بٹ نے مزید کہا کہ لیکن انہوں نے اس وقت ہی سوچا کہ ایک دن آئے گا جب ہر کوئی ان کی بھی عزت کرے گا اور آج ہر کوئی انہیں پہچانتا ہے اور عزت کرتا ہے۔

اگرچہ منیب بٹ نے دعویٰ کیا کہ انہیں کرسی سے اٹھ کر فرش پر بیٹھنے کا کہا گیا اور انہیں پینے کے لیے پانی تک نہ دیا گیا لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے ایسا سلوک کس پروڈکشن ہاؤس نے یا کس پروڈیوسر اور ہدایت کار نے کیا؟

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024