• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

حکومت مخالف جماعتوں کا اہم اجلاس، آئین بحالی کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ

شائع May 11, 2024
فائل فوٹو: ڈان
فائل فوٹو: ڈان

حکومت مخالف جماعتوں کے اتحاد کے اہم اجلاس میں آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کرنے کے علاوہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی اور پنجاب کے شہر فیصل آباد میں جلسوں کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کے رویے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور حکومت مخالف 6 جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کے صدر محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر شریک ہوئے۔

اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے راہنما ساجد ترین اور ثنااللہ بلوچ بھی موجود تھے۔

اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے اسد شیرازی اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، اپوزیشن اتحاد نے آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا اور تحریک کو آگے بڑھانے اور حقیقی آزادی کے حصول کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔

اجلاس میں فیصل آباد اور کراچی کے جلسوں کے لیے انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ عوامی اجتماعات کرنا ہمارا آئینی قانونی اور جمہوری حق ہے، جلسے ہر صورت کیے جائیں گے، اس وقت ملک میں جمہوریت ختم ہو چکی اور آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، ہماری تحریک آئین کی بحالی تک جاری رہے گی۔

تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے 7 مئی کی پریس کانفرنس غیر آئینی، غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں آئین توڑنے والو کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔

اجلاس میں گوادر میں پیش آنے والے دہشت گری کے واقعہ میں 7 بے گناہ اور نہتے افراد کے قتل کی مذمت اور ان کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا پر بہمانہ تشدد اور گرفتاریوں کی پر زور مذمت کی گئی، اس کے علاوہ اجلاس میں پنجاب میں کسانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کسانوں کے مطالبات کے حق میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن کی 6 جماعتیں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کریں گی، جسے تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کا نام دیا گیا ہے۔

اس وقت کہا گیا تھا کہ تحریک میں عوامی جلسوں کے علاوہ بار ایسوسی ایشنز، یونیورسٹی کے طلبا اور دیگر جماعتوں کو بھی ایک پیچ پر لایا جائے گا تاکہ مسلم لیگ (ن) کی زیرقیادت مخلوط حکومت کے خلاف مہم کے لیے اپنی حمایت حاصل کر سکیں۔

اپریل کے وسط میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی زیر صدارت کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے بتایا تھا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو 6 جماعتوں پر مشتمل اتحاد کا صدر منتخب کیا گیا ہے، یہ فیصلہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے اتفاق سے کیا گیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد آئین کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی ہے، اپوزیشن اتحاد نے انتخابی نتائج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والی حکومت کو مسترد کر دیا۔

عمر ایوب نے کہا تھا کہ اجلاس میں گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کر دیا گیا، تمام سیاسی جماعتوں نے تمام شعبوں میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنی مرضی سے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت اختیار کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024