• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

پیسکو دفتر میں داخل ہو کر زبردستی بجلی بحال کرنے پر رکن اسمبلی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست

شائع May 25, 2024
رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الہیٰ— فوٹو: ڈان نیوز
رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الہیٰ— فوٹو: ڈان نیوز

رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الہیٰ کی جانب سے ہجوم کے ہمراہ پیسکو سب ڈویژن میں داخل ہو کر زبردستی بجلی بحال کرنے اور کار سرکار میں مداخلت پر پیسکو نے پشاور پولیس کو ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق پیسکو کے ایگزیکٹو انجینئر نے مقدمے کے اندراج کی درخواست تھانہ رحمٰن بابا کے ایس ایچ او کو بھیج دی جس میں کہا گیا کہ فضل الہیٰ 400 سے 450 افراد کے ہجوم کے ہمراہ پیسکو چمکنی سب ڈویژن میں داخل ہوئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایم پی اے فضل الہیٰ نے چھ فیڈرز کی بجلی زبردستی بحال کی اور صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی جس سے پیسکو کو شدید نقصان پہنچا کیونکہ تمام فیڈرز میں کچھ نہ کچھ خرابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 گھنٹے میں 70 ہزار یونٹ بجلی خرچ ہونے سے 36 لاکھ روپے کا نقصان ہوا اور یہ سب رکن صوبائی اسمبلی کے غیرقانونی عمل کی وجہ سے ہوا۔

درخواست میں کہا گیا کہ کار سرکار اور پیسکو کے امور میں مداخلت پر ایم پی اے فضل الہیٰ اور دیگر افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم پی اے فضل الہی نے 500 کے قریب مظاہرین کے ہمراہ احتجاج کیا تھا اور رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ بند نہ ہوئی تو گرڈ اسٹیشن کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیں گے جبکہ اس دوران پی ٹی آئی رہنما فضل الہیٰ نے بھی شیخ محمدی گرڈ اسٹیشن بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔

بعد ازاں، مظاہرین اور پیسکو کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ہزارخوانی، دیگر علاقوں کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی تھی جس پر پی ٹی آئی ایم پی اے فضل الہی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024